مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے سوشل میڈیا سائٹ ٹویٹر پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو جواب دیتے ہوئے لکھا ہے کہ اللّہ سے توبہ کرو ان مظالم کی جو تم بیگناہوں پر کرتے رہے ہو۔
مریم نواز نے کہا کہ عمران خان تم نواز شریف اور ہر اس شخص سے معافی مانگو جس پر تم نے جھوٹے الزام لگائے اور انھیں تکلیف پہنچائی۔ یہ گرہیں جو تمھیں دانتوں سے کھولنی پڑ رہی ہیں تم نے خود لگائیں تھیں۔ کبھی تکبر اور رعونت کا پہاڑ ہوا کرتے تھے، آج عبرت کا نشان بنے بیٹھے ہو۔
چیف آرگنائزر ن لیگ نے مزید کہا کہ جو بھی اسے کسی سیاسی جماعت کے خلاف کریک ڈاؤن جیسا بنانے کی کوشش کرتا ہے وہ فکری طور پر بے ایمان ہے۔ پی ٹی آئی ہمیشہ ایک ایسا گینگ تھا جسے غلط وجوہات کی بنا پر جنم دیا گیا اور تشدد، تباہی اور بدتمیزی کے علاوہ یہ کبھی کسی اور چیز کے لیے کھڑا نہیں ہوا۔
مریم نواز نے لکھا کہ تحریک انصاف کو ایک سیاسی جماعت کی آڑ میں کام کرنے اور بلا روک ٹوک ایسے کام کرنے کی اجازت دیے جانے کی وجہ سے ہی 9 مئی کا دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا۔