پاکستان مسلم لیگ نواز کی چیف آرگنائزر اور سینئر نائب صدر محترمہ مریم نواز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہداء کا لہو کسی فرد کا نہیں بلکہ قوم کا قرض ہوتا ہے، شہداء کا لہو وطن کا فخر اور مٹی کی امانت ہوتا ہے، جو اس کی بےقدری کرے وہ صرف غدار ہوتا ہے، سیاست دان کے بھیس میں چھپے غداروں پر تھو ہے۔
محترمہ مریم نواز شریف نے عمران خان کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ یہ شخص انتہائی ذہنی خرابی کا شکار ہے اور اس کے ساتھ جو کچھ ہو رہا ہے وہ اس کے اپنے گناہوں اور زیادتیوں کا نتیجہ ہے، عمران خان نے آج سپریم کورٹ میں دائر پٹیشن میں نواز شریف کے خلاف کھیلے گئے اس کھیل کا حصہ ہونے کا اعتراف کیا ہے جس کے تحت نواز شریف کو اقتدار سے باہر نکالا گیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان سمجھتا ہے اس نے ہم پر جو مظالم ڈھائے، اب ہم اس کا بدلہ لے رہے ہیں حالانکہ نواز شریف اور میں انتقامی سیاست پر نہیں بلکہ صرف قدرتی انتقام پر یقین رکھتے ہیں اور فی الحال ہم وہی ہوتا دیکھ رہے ہیں۔ عمران خان کے ساتھ جو کچھ ہو رہا ہے، یہ سب کیلئے ایک سبق ہے۔