کراچی—پاکستان فاریکس ایکسچینج ایسوسی ایشن کے چیئرمین ملک بوستان کا کہنا ہے کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار ڈالر کی قیمت ایک دن میں 27 روپے کم ہوئی ہے جس کا کریڈٹ وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار کو جاتا ہے۔
ملک بوستان کے مطابق اوپن مارکیٹ میں ڈالر 315 کا ہوا تو اسحاق ڈار نے رابطہ کیا، انہوں نے انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کے ریٹ میں فرق کی وجہ دریافت کی، انہیں بتایا گیا کہ کمرشل بینک کریڈٹ کارڈز کیلئے ڈالر خرید رہے ہیں جس سے اوپن مارکیٹ متاثر ہوئی ہے۔ اسحاق ڈار نے فوری طور پر سرکلر جاری کیا جس کے مطابق سٹیٹ بینک کی طرف سے کمرشل بینکوں کو ڈالر ایکسچینج کمپنی کی بجائے انٹر بینک سے خریدنے کی اجازت دی گئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسحاق ڈار کا فیصلہ حجاج کرام کیلئے بھی فائدے مند ثابت ہو گا کیونکہ اب وہ ڈالر 315 کی بجائے 285 کا خرید سکیں گے، یہ 31 جولائی تک ٹیسٹنگ پیریڈ ہے، انشاءاللّٰه ڈالر کا ریٹ مزید نیچے آئے گا۔
ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن کے مطابق اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 299 روپے 50 پیسے ہے جبکہ انٹر بینک میں ڈالر 285 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔
گزشتہ روز پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے اعلان کے بعد آج ڈالر کی قیمت میں ریکارڈ 27 روپے کمی کو خوش آئند قرار دیا جا رہا ہے اور اس کی وجہ سے اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں بھی کمی کی توقع کی جا رہی ہے۔