بہت زیادہ پرانی بات نہیں ہے کہ جب بچے دادا دادی کے ساتھ بہت زیادہ مانوس ہوا کرتے تھے۔ دادا دادی کے ساتھ وقت گزارنا، پیاری اور معصوم سی باتیں کرتے رہنا، ہنسی مذاق کرنا، ان کے ساتھ کھانا کھانا اور انھی کے پاس بیٹھ کر پڑھائی کرنا بچوں کو بہت پسند ہوا کرتا تھا بلکہ عموماً ایک بچہ ایسا بھی ہوتا تھا جو دادا یا دادی کے پاس ہی سو جایا کرتا تھا۔
یہ ماحول دادا دادی کے بڑھاپے میں ان کا سہارا ہوا کرتا تھا، وہ پوتے پوتیوں کے ساتھ مصروف رہتے تھے اور یوں انہیں غیر ضروری ہونے یا تنہا ہونے یا بےوقعت ہو جانے کا احساس ہی نہیں ہوتا تھا۔ سب سے پیارا تو وہ بچہ ہوا کرتا تھا جو دادا یا دادی کے پاس ہی ان کے بچپن اور جوانی کی باتیں اور قصے سنتے سنتے سو جایا کرتا تھا۔
مگر جدید تعلیمی نظام اور اس میں مقابلے کی فضا، موبائل فونز و کمپیوٹرز، پلے سٹیشنز و دیگر الیکٹرونک گیمز، جدید فیشن کی خواہش، رومانوی ڈراموں کے اثرات اور دیگر وجوہات نے بچوں کو دادا دادی سے کوسوں دور کر دیا بلکہ اب تو انہیں دادا دادی کے پاس کچھ دیر کیلئے بیٹھنے میں بھی بیزاری محسوس ہوتی ہے۔
اب تو دادا دادی اکیلے رہ گئے ہیں، بیٹے روزگار کی فکر اور بیوی بچوں کا خیال رکھنے میں مصروف ہو گئے، بیٹیاں بیاہ کر اپنے گھروں کی ہو گئیں جبکہ پوتے پوتیاں ڈاکٹر اور انجینئر بننے کیلئے محنت کرنے، ڈرامے اور فلمیں دیکھنے، خفیہ دوستیاں نبھانے، فیشن کرنے اور ایسے دیگر کاموں میں رشتوں کے تقدس سے ہی انجان ہو گئے۔
ایسے گھر کم ہی رہ گئے ہیں جہاں دادا دادی کو پوتے پوتیوں کی قربت نصیب ہوتی ہے اور وقت کے ساتھ ساتھ ان گھروں کی تعداد میں مزید کمی ہو رہی ہے۔ کئی گھروں میں تو دادا دادی کو پانی پینے کیلئے بھی طویل انتظار کرنا پڑتا ہے کہ کوئی بیٹا پاس سے گزرے یا کوئی بہو کسی بہانے سامنے آئے یا کوئی پوتا پوتی کہیں نظر آئیں تو ان سے پانی پلانے کا مطالبہ کیا جائے جبکہ اس دوران یہ خوف بھی رہتا ہے کہ کہیں پانی مانگنے پر ڈانٹ ہی نہ کھانی پڑ جائے۔
ماحول میں اس افسوسناک تبدیلی کیلئے سازشی کہانیوں پر مبنی ڈرامہ سیریلز اور موویز نے بھی کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ اس بات سے انکار ممکن ہی نہیں کہ ان ڈرامہ سیریلز اور موویز نے اکثر لڑکیوں کی ایسی ذہن سازی کر دی ہے کہ ان کے اندر شوہر کے ہمراہ کہیں اکیلے رہنے یعنی سسرال سے الگ رہنے کی خواہش ہر وقت بیدار رہتی ہے، وہ ہمیشہ اس موقع کی تلاش میں رہتی ہیں کہ جہاں سے الگ ہونے کی بات چل نکلے اور پھر ان کی یہ کوشش بھی ہوتی ہے کہ ان کے بچے دادا دادی اور چچا کی بجائے نانا نانی اور ماموں کے زیادہ قریب ہوں۔
سب سے زیادہ تشویشناک بات یہ ہے کہ اب گھروں میں ان باتوں کو موضوع ہی نہیں بنایا جا سکتا، اگر کوئی شخص کسی موقع پر ہمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے کچھ کہہ بھی دے تو فوراً اس پر یہ الزام عائد کر دیا جاتا ہے کہ وہ تو بچوں کو مستقبل میں کامیاب دیکھنا ہی نہیں چاہتا، اس کی نظر تو فلاں چیز پر ہے اور یہ خود کیوں نہیں ایسا یا ویسا کر لیتا وغیرہ وغیرہ
ہم سب نے مل کر ایک ایسا ماحول پیدا کر دیا ہے کہ جس میں زندگی موت سے پہلے ہی ختم ہو جاتی ہے۔ آج ہم اپنے روزگار اور بیوی بچوں میں مگن ہو کر اپنے ماں باپ کو بےوقعت اور تنہا کر رہے ہیں، کل ہم بوڑھے ہو کر اسی طرح اپنے بچوں کے ہوتے ہوئے بےوقعت اور تنہا ہوں گے اور پھر ایک وقت آئے گا کہ ہمارے بچے بھی بوڑھے ہو کر بےوقعت اور تنہا رہ جائیں گے جبکہ ان کے بچے روشن مستقبل کی تلاش اور دیگر تفریحی سرگرمیوں میں مصروف ہوں گے۔
دراصل اس ماحول نے زندگی کو جوانی کے اختتام تک ہی محدود کر دیا ہے، یہاں ہم جوانی کے اختتام کو پہنچیں گے اور وہاں ہمیں گھر کے کسی کونے میں چارپائی یا بیڈ دے دیا جائے گا اور پھر ہم بچپن اور جوانی کے دنوں کو یاد کرتے اور کڑھتے ہوئے موت کا انتظار کرتے رہیں گے اور پھر یہی وقت ہمارے بچے بھی دیکھیں گے اور یوں زندگی سکڑتی چلی جائے گی۔