اسلام آباد—تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان کو سائفر کیس میں گرفتار کر لیا گیا ہے، اسلام آباد کی خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے عمران خان کی گرفتاری کا حکم جاری کرتے ہوئے اٹک جیل کے سپرنٹینڈنٹ کو یہ ہدایت بھی جاری کر دی ہے کہ وہ عمران خان کو 30 اگست کو عدالت میں پیش کریں۔
فیڈرل انویسٹیگیشن ایجنسی کی جانب سے دائر کیے گئے سائفر کیس میں عمران خان مرکزی ملزم ہیں، دیگر ملزمان میں شاہ محمود قریشی پہلے سے گرفتار اور جسمانی ریمانڈ پر ہیں جبکہ اسد عمر کو بھی ایف آئی اے کے سامنے شاملِ تفتیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ عمران خان نے تحریکِ عدم اعتماد کے دوران 27 مارچ 2022 کو اسلام آباد پریڈ گراؤنڈ میں تحریکِ انصاف کے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے ایک کاغذ کا ٹکڑا لہرا کر دعویٰ کیا تھا کہ یہ سائفر ہے اور اس میں امریکہ نے پاکستان کو دھمکی دی ہے۔
اکتوبر 2022 میں ایک نجی نیوز چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے عمران خان نے ایک سوال کے جواب میں کہا تھا کہ مجھے نہیں پتہ کہ سائفر کی جو کاپی میرے پاس تھی وہ کہاں غائب ہو گئی ہے۔