لاہور— پاکستان مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز شریف نے جماعت کے جماعت کے طلباء ونگ “مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن” کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں پانچ پانچ مہینے ڈیتھ سیل میں رہی ہوں، اللّٰه تعالٰی نے مجھے ہمت دی، میں نے مشکل وقت میں اپنے والد کا ساتھ نہیں چھوڑا، میں نے کہا تھا کہ جو لوگ مجھے آپ کی کمزوری بنانا چاہتے ہیں وہ انشاءاللّٰه تعالٰی دیکھیں گے کہ اللّٰه تعالیٰ مجھے آپ کی طاقت بنائے گا۔
مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی نظروں کے سامنے مجھے کوٹ لکھپت جیل سے گرفتار کیا گیا، ان کی آنکھوں میں آنسو تھے لیکن انہوں نے مجھے کہا کہ بیٹا گھبرانا نہیں ہے، میں نے اپنے بچوں کو چھوڑ کر اپنے ملک کی خاطر، اپنے والد کی خاطر اور اپنی جماعت کی خاطر سب کچھ ہمت اور حوصلے کے ساتھ برداشت کیا، کوٹ لکھپت جیل میں مجھے 24 گھنٹے لاک اپ میں رکھا جاتا تھا، میں نے کبھی جیل میں دیسی مرغ کی فرمائش نہیں کی تھی۔
مسلم لیگ نواز کی سینئر نائب صدر کا کہنا تھا کہ نواز شریف انشاءاللّٰه 21 اکتوبر کو وطن واپس آ رہے ہیں، نواز شریف 25 کروڑ افراد میں وہ واحد شخص ہیں جنہیں اللّٰه تعالٰی نے 3 بار پاکستان کا وزیراعظم بنایا، نواز شریف نے اپنے 9 سالوں میں پاکستان کی اتنی خدمت کر دی ہے کہ اب اگر انہیں نکال دیں تو پیچھے کھنڈرات کے علاوہ کچھ بھی باقی نہیں رہتا۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ جب نواز شریف کو 2013 میں حکومت ملی تو پاکستان میں بیس بیس گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ ہو رہی تھی، نواز شریف نے تین سالوں میں لوڈ شیڈنگ زیرو کر کے دکھائی، جو گروتھ ایک اعشاریہ نو فیصد پر تھی وہ نواز شریف نے چھے اعشاریہ دو پر چھوڑی۔
ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ پاکستان بنانے والی جماعت ہے، مسلم لیگ نے پاکستان کی بنیاد رکھی، محمد علی جناح ہمارے لیڈر تھے، وہ ہمارے لیڈر ہیں اور ہمیشہ لیڈر رہیں گے، آپ سب پاکستان بنانے والی جماعت کے وارث ہیں۔