اڈیالہ (تھرسڈے ٹائمز) — تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان کو جیل میں شاہانہ سہولیات فراہم کی گئی ہیں، جیل میں 8 کمرے عمران خان کے زیرِ استعمال ہیں جبکہ عمران خان کے علاج اور کھانے کیلئے 9 ڈاکٹرز ڈیوٹی پر موجود ہیں۔
جیل حکام کے مطابق سابق وزیراعظم کو جیل میں ٹیلی ویژن کے 10 چینلز دکھائے جا رہے ہیں جبکہ بیڈ، میٹرس اور اخبار کی سہولیات بھی فراہم کی گئی ہیں، عمران خان کو جیل میں ورزش کیلئے ان کی فرمائش پر سائیکل بھی دیا گیا ہے اور لوہے کا ایک راڈ بھی لگایا گیا ہے۔
آفیشل سیکریٹ ایکٹ کے تحت سائفر کیس میں قید عمران خان کیلئے جیل میں واک کرنے کیلئے 20 فٹ کا صحن موجود ہے جبکہ انہیں عام قیدیوں کیلئے بننے والا کھانا نہیں دیا جاتا بلکہ عمران خان کو الگ باورچی فراہم کیا گیا ہے جو انہیں ان کی خواہش کے مطابق کھانا پکا کر دیتا ہے۔
عمران خان کو سیکیورٹی خدشات کے باعث باہر سے پک کر آنے والا کھانا دینے کی اجازت نہیں دی گئی بلکہ کھانا پکانے کی اشیاء باہر سے قیدی کے اکاؤنٹ سے منگوائی جاتی ہیں۔