اسلام آباد (تھرسڈے ٹائمز) — سپریم کورٹ آف پاکستان کے چیف جسٹس قاضی فائز عیسٰی سمیت عدالتِ عظمٰی کے پانچ جج صاحبان کو دھمکی آمیز خطوط موصول ہوئے ہیں۔
چیف جسٹس پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ، جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس اطہر من اللّٰہ، جسٹس جمال مندوخیل اور جسٹس امین الدین کو دھمکی آمیز خطوط موصول ہوئے ہیں جن میں پاؤڈر پایا گیا ہے جبکہ خطوط میں دھمکی آمیز اشکال بھی بنی ہوئی ہیں۔
دھمکی آمیز خطوط سپریم کورٹ میں یکم اپریل کو موصول ہوئے جنہیں اب کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے حوالہ کر دیا گیا ہے جبکہ عدالتِ عظمٰی کے جج صاحبان کو یہ خطوط کسی “گل شاد” نامی خاتون کی جانب سے بھیجے گئے ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق سمیت 8 جج صاحبان کو بھی مشکوک خطوط موصول ہوئے تھے جبکہ ان خطوط میں بھی پاؤڈرز اور دھمکی آمیز نشانات پائے گئے تھے