اسلام آباد (تھرسڈے ٹائمز) — وزیراعظم میاں شہباز شریف نے پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی اور سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کی 45ویں برسی پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
وزیرِ اعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں جمہوریت اور جمہوری روایات کے فروغ میں ذوالفقار بھٹو نے انتہائی اہم کردار ادا کیا، ذوالفقار بھٹو کی کاوشوں سے پاکستان کو 1973 کا متفقہ آئین ملا۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے حالیہ فیصلے میں ذوالفقار بھٹو کی سیاسی جدوجہد کی حقیقت پر مہر ثبت کی ہے، پاکستان میں جمہوریت اور جمہوری روایات کے فروغ کیلئے ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
اس سے قبل سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر (ایکس) پر اپنے پیغام میں بھی وزیراعظم شہباز شریف نے لکھا کہ 4 اپریل 1979 کو وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کو ایک غیر شفاف عدالتی کارروائی کے ذریعہ پھانسی کی سزا سنائی گئی تھی، چوالیس سالوں کے بعد سپریم کورٹ نے اس تاریخی غلطی کا ازالہ کیا تاہم بھٹو کے اہلِ خانہ اور کارکنان کیلئے اس ناقابلِ تلافی نقصان کا ازالہ ممکن نہیں۔