کراچی (تھرسڈے ٹائمز) — پاکستانی روپیہ گزشتہ ایک سال کے دوران ایشیاء میں امریکی ڈالر کے مقابل بہترین کرنسی کے طور پر ابھرا ہے۔
ایم ایس سی آئی ایشیاء ایمرجنگ اینڈ فرنٹیئر مارکیٹ انڈیکس میں پاکستانی کرنسی (روپیہ) گزشتہ ایک سال کے دوران 3 اعشاریہ 1 فیصد بہتری کے ساتھ 278 اعشاریہ 12 روپے فی ڈالر کی سطح پر پہنچ گئی ہے جبکہ گزشتہ ایک ماہ کے دوران پاکستانی کرنسی (روپیہ) کی قدر 278 سے 278 اعشاریہ 50 روپے فی امریکی ڈالر تک مستحکم رہی ہے۔
پاکستانی روپے کی قدر میں اس بہتری کی وجوہات میں روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کے ذریعہ 8 ارب ڈالر کی غیر ملکی کرنسی کی آمد، ایکسپورٹس میں استحکام، ترسیلاتِ زر اور انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف)، عالمی بینک اور دوست ممالک سے معاشی تعاون اور قرضوں کا رول ہونا شامل ہیں۔
پاکستانی کرنسی (روپیہ) کے بعد ایشیاء میں امریکی ڈالر کے مقابل دوسری بہترین کرنسی سری لنکن کرنسی رہی ہے جس میں 2 اعشاریہ 7 فیصد کی بہتری دیکھی گئی ہے جبکہ دیگر ممالک بشمول انڈیا، چائنہ، ویتنام اور بنگلہ دیش کی کرنسیز میں 5 اعشاریہ 6 فیصد تک گراوٹ سامنے آئی ہے۔