بارسلونا (تھرسڈے ٹائمز) — فٹبال کلب بارسلونا نے ہانسی فلیک کو نیا کوچ مقرر کر دیا، معاہدے کے تحت جرمن فٹبال مینیجر ہانسی فلیک 30 جون 2026 تک بارسلونا کیلئے کوچنگ کی خدمات جاری رکھیں گے۔
معروف ہسپانوی فٹبال کلب بارسلونا نے 59 سالہ جرمن فٹبال مینیجر ہانسی فلیک کی خدمات حاصل کر لی ہیں جو دو سالہ معاہدے کے تحت 30 جون 2026 تک کیتلان کلب بارسلونا کیلئے بطور کوچ خدمات جاری رکھیں گے۔
ہانسی فلیک 2021 سے 2023 تک جرمنی کی قومی فٹبال ٹیم کے کوچ رہ چکے ہیں جبکہ اس سے قبل جرمن فٹبال کلب بائرن میونخ، ہوفنہائم اور وکٹوریا بامینٹل کیلئے بھی کوچنگ کی خدمات سر انجام دے چکے ہیں۔
یاد رہے کہ فٹبال کلب بارسلونا نے 26 مئی کو حالیہ لالیگا سیزن کے آخری میچ کے بعد معروف سابق ہسپانوی فٹبالر اور موجودہ فٹبال مینیجر زاوی ہرنینڈیز کے ساتھ راہیں جدا کر لی ہیں جو کہ نومبر 2021 سے کوچنگ کی خدمات جاری رکھے ہوئے تھے، زاوی ہرنینڈیز 1998 سے 2015 تک فٹبال کلب بارسلونا کی نمائندگی کرتے رہے ہیں جبکہ انہیں بارسلونا کے بہترین مڈ فیلڈرز میں سے ایک قرار دیا جاتا ہے۔