میڈرڈ (تھرسڈے ٹائمز) — معروف فرانسیسی فٹبالر کلیان ایمباپے نے ہسپانوی کلب ریال میڈرڈ جوائن کر لیا۔
یورپین چیمپین ہسپانوی کلب ریال میڈرڈ نے 25 سالہ فرانس کے سٹار فٹبالر کلیان ایمباپے کی خدمات حاصل کر لیں، معاہدے کے مطابق کلیان ایمباپے آئندہ پانچ کیلئے ریال میڈرڈ کی نمائندگی کریں گے۔
کلیان ایمباپے 2017 سے فرانس کی قومی فٹبال ٹیم کی نمائندگی کر رہے ہیں جہاں وہ اب تک 77 میچز میں 46 گولز سکور کر چکے پیں، ایمباپے فرانس کے ساتھ فیفا ورلڈ کپ 2018 کی ٹرافی جیت چکے ہیں جبکہ وہ فیفا ورلڈ کپ 2022 میں لیونل میسی کی ارجنٹینا سے فائنل میچ ہارنے والی ٹیم کا بھی حصہ تھے، اس کے علاوہ ایمباپے فرانس کے ساتھ یوئیفا نیشنز لیگ 2021 بھی جیت چکے ہیں۔
کلب لیول پر کلیان ایمباپے 2015 سے 2018 تک موناکو جبکہ 2018 سے حالیہ سیزن (2024) تک پیرس سائنٹ جرمین کی نمائندگی کر چکے ہیں، ایمباپے موناکو کے ساتھ ایک جبکہ پیرس سائنٹ جرمین کے ساتھ 6 بار فرانسیسی فٹبال لیگ (لیگ1) جیت چکے ہیں۔
یاد رہے کہ ریال میڈرڈ نے دو روز قبل 15ہویں بار یوئیفا چیمپئنز لیگ کا ٹائٹل جیت کر ایک نیا ریکارڈ قائم کیا ہے جس کے بعد کلیان ایمباپے جیسے سٹار فٹبالر کی خدمات حاصل کرنا ایک بڑی خبر ہے جس سے متوقع طور پر ریال میڈرڈ کا اٹیکنگ کمبینیشن مزید مضبوط ہو گا۔