میلان/اٹلی (تھرسڈے ٹائمز) — معروف اطالوی فٹبال کلب ’’اے سی میلان‘‘ نے پرتگیزی فٹبال مینیجر ’’پاؤلو فونسیکا‘‘ کو آئندہ تین برس کیلئے نیا کوچ مقرر کر دیا۔
اٹلی کے معروف فٹبال کلب ’’ایسوسی ایشن کیلشیو میلان‘‘ (اے سی میلان) نے سابق پرتگیزی فٹبالر اور موجودہ فٹبال مینیجر ’’پاؤلو فونسیکا‘‘ کو نیا کوچ مقرر کر دیا ہے، پرتگال سے تعلق رکھنے والے 51 سالہ پاؤلو فونسیکا آئندہ تین سالوں کیلئے میلان کیلئے کوچنگ کی خدمات فراہم کریں گے۔
ایسوسی ایشن کیلشیو میلان (اے سی میلان) نے حالیہ اطالوی فٹبال سیزن (سیری اے) میں روایتی حریف انٹر میلان سے 19 پوائنٹس کمی کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کرنے کے بعد کوچ سٹیفانو پیولی سے راہیں جدا کر لی تھیں، اطالوی فٹبال مینیجر سٹیفانو پیولی 5 برس تک میلان کیلئے کوچنگ کی خدمات سرانجام دیتے رہے جبکہ ان کی کوچنگ میں میلان نے اپنا 19واں سکوڈیٹو ٹائٹل (اطالوی فٹبال سینزن سیری اے چیمپئن) کا اعزاز اپنے نام کیا۔
میلان کے نئے کوچ پاؤلو فونسیکا اس سے قبل فرانسیسی فٹبال کلب لیل، اطالوی فٹبال کلب روما، یوکرینی فٹبال کلب شختر ڈونیٹسک، پرتگیزی فٹبال کلب براگا اور معروف پرتگیزی فٹبال کلب پورٹو کیلئے بھی کوچنگ کی خدمات انجام دے چکے ہیں۔
پاؤلو فونسیکا بحیثیت مینیجر فٹبال کلب پورٹو کے ساتھ ایک بار سپر کوپا ڈی پرتگال، فٹبال کلب براگا کے ساتھ ایک بار کوپا ڈی پرتگال جبکہ فٹبال کلب شختر ڈونیٹسک کے ساتھ تین بار یوکرینین پریمئیر لیگ، تین بار یوکرینین کپ اور ایک بار یوکرینین سپر کپ جیت چکے ہیں، پاؤلو فونسیکا 2016 سے 2017 سیزن کے دوران یوکرینین پریمئیر لیگ کے بہترین کوچ کا ایوارڈ بھی جیت چکے ہیں۔
اے سی میلان جیسے بڑے فٹبال کلب کا کوچ مقرر ہونے کے بعد پاؤلو فونسیکا کیلئے اطالوی فٹبال سیزن (سیری اے) میں 20ویں سکوڈیٹو ٹائٹل اور یوئیفا چیمپئنز لیگ (یو سی ایل) میں 8ویں ٹائٹل کے حصول جیسے بڑے اہداف درپیش ہوں گے۔