برلن (تھرسڈے ٹائمز) — سپین یوئیفا یورو 2024 کے فائنل میں انگلینڈ کو شکست دے کر یورپ کا چیمپئن بن گیا، انگلینڈ کو مسلسل دوسری بار یورو کپ کے فائنل میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
یورپ میں بین الاقوامی سطح کے سب سے بڑے فٹبال ایونٹ “یوئیفا یورپین فٹبال چیمپئن شپ” کے فائنل میچ میں سپین نے انگلینڈ کو ایک گول کے مقابلہ میں دو گولز سے شکست دے دی، ایلوارو موراٹا کی قیادت میں سپین چوتھی بار یورپین چیمپئن بن گیا ہے۔
جرمنی کے دارالحکومت برلن کے اولمپیاسٹیڈیون میں کھیلے گئے میچ میں سپین کی جانب نیکولس ولیمز نے میچ کے 47ویں منٹ میں شاندار گول سکور کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلائی جس کو انگلینڈ کی جانب سے کول پالمر نے میچ کے 73ویں منٹ میں برابر کر دیا۔
ہسپانوی کپتان ایلوارو موراٹا کی جگہ 68ویں منٹ میں میدان میں قدم رکھنے والے فارورڈ کھلاڑی مائیکل اویارزابال نے ایونٹ کے فیصلہ کن میچ کے آخری لمحات میں فیصلہ کن گول کر کے سپین کو جیت سے ہمکنار کیا، مائیکل اویارزابال نے میچ کے 86ویں منٹ میں گول سکور کیا۔
سپین نے چوتھی بار یوئیفا یورو کا ٹائٹل اپنے نام کیا ہے جو کہ ایونٹ کی تاریخ میں بہترین ریکارڈ ہے، سپین نے پہلی بار 1964 میں یوئیفا یورو کا دوسرا ایڈیشن فتح کیا جبکہ اس ایونٹ کا میزبان بھی سپین ہی تھا، اس کے بعد سپین نے 2008 اور 2012 میں یکے بعد دیگرے دو مرتبہ ٹائٹل جیت کر عالمی سطح پر اپنی دھاک بٹھائی۔
انگلینڈ کو مسلسل دوسری بار یوئیفا یورو کے فائنل میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے، گزشتہ ایڈیشن کے فائنل میچ میں اٹلی نے انگلینڈ کو شکست دے کر دوسری بار ٹائٹل اپنے نام کیا تھا جس کے بعد آج سپین نے انگلینڈ کا پہلی بار ایونٹ جیتنے کا خواب چکنا چور کر دیا ہے۔