کراچی (تھرسڈے ٹائمز) — ڈنمارک کی شپنگ کمپنی مرسک نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی کوششوں کے نتیجے میں اگلے دو سالوں کے دوران پاکستان کے بندرگاہی اور ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر میں دو ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اس منصوبے کے تحت کی جانے والی سرمایہ کاری انفراسٹرکچر کی ترقی اور معاشی بہتری میں مددگار ثابت ہوگی۔
وفاقی وزیر برائے بحری امور قیصر احمد شیخ اس ماہ ڈنمارک کا دورہ کریں گے جہاں مرسک شپنگ کمپنی اور کراچی پورٹ ٹرسٹ کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوں گے۔
ایک بیان میں قیصر احمد شیخ نے کہا کہ کراچی میں برآمدات بڑھانے کی بڑی صلاحیت موجود ہے اور وزارت بحری امور اس حوالے سے کاروباری برادری کو سازگار ماحول فراہم کر رہی ہے۔