لاہور (تھرسڈے ٹائمز) — پنجاب حکومت کے اعلٰی سطح کے اجلاس میں سانحہ 9 مئی میں ملوث 3700 مفرور ملزمان کو پی ٹی آئی کے لاہور جلسہ کے موقع پر گرفتار کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
پنجاب کے دارالحکومت لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کو کاہنہ میں رنگ روڈ کے قریب 43 شرائط و ضوابط کے ساتھ جلسہ کی اجازت دی ہے جبکہ جلسہ کیلئے 3 بجے سے 6 بجے تک کا وقت طے کیا گیا ہے، ڈپٹی کمشنر کی جانب سے جلسہ کی اجازت کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
اس موقع پر پنجاب حکومت کے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں یہ اہم فیصلہ کیا گیا ہے کہ سانحہ 9 مئی میں ملوث 3700 مفرور ملزمان کو لاہور جلسہ کے موقع پر گرفتار کیا جائے گا، گرفتاریاں آرٹیفیشل انٹیلیجنس اور دیگر جدید ٹیکنالوجیز کے ذریعہ عمل میں لائی جائیں گی جس کیلئے پولیس کی خصوصی ٹیمیں بھی تشکیل دے دی گئی ہیں۔
پنجاب حکومت کی جانب سے لاہور میں پی ٹی آئی جلسہ کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے جا رہے ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچا جا سکے، پولیس نے جلسہ کے دوران مظاہرین کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کیلئے پلان تشکیل دے دیا ہے جبکہ سپرنٹینڈنٹس آف پولیس (ایس پیز) کو ملزمان کی گرفتاریوں کی نگرانی کا حکم دیا گیا ہے۔