اسلام آباد (تھرسڈے ٹائمز) — سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ سابق امریکی صدر بِل کلنٹن میاں نواز شریف کی ذات اور شخصیت سے متاثر تھے، میاں نواز شریف کی ذاتی حیثیت میں بہت ساری خوبیاں ہیں جن کے باعث لوگ ان سے متاثر ہوتے ہیں۔
سیاسی جماعت ’’عوام پاکستان‘‘ کے سربراہ اور پاکستان کے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ایک نجی نیوز چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ سابق امریکی صدر بِل کلنٹن میاں نواز شریف کی ذات اور شخصیت سے متاثر تھے، میاں نواز شریف کی ذاتی حیثیت میں بہت خوبیاں ہیں جن سے لوگ ان سے متاثر ہوتے ہیں، امریکی صدر بِل کلنٹن نے میاں نواز شریف کی رہائی میں جو کردار ادا کیا تھا وہ بھی اسی ذاتی تعلق کی وجہ سے تھا۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پرویز مشرف کے دورِ اقتدار میں جب امریکی صدر بِل کلنٹن پاکستان آئے تو انہوں نے پاکستانی عوام سے خطاب کیا مگر پرویز مشرف کے ساتھ ملاقات سے انکار کر دیا تھا، ان کی پرویز مشرف سے ہاتھ ملانے کی بھی کوئی تصویر نہیں تھی، بِل کلنٹن ایک واقعہ کی وجہ سے میاں نواز شریف کی ذات سے بہت متاثر تھے اور اسی وجہ سے انہوں نے میاں نواز شریف کی رہائی کیلئے کردار ادا کیا تھا۔
سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ مجھے نہیں لگتا ڈونلڈ ٹرمپ امریکی صدر بننے کے بعد پاکستان سے عمران خان کو چھڑا لیں گے، میاں نواز شریف کی رہائی کیلئے امریکی صدر بِل کلنٹن کا کردار ذاتی تعلق کی بنیاد پر تھا اور تب پاکستان میں فوجی آمریت تھی لیکن آج حالات مختلف ہیں، ممالک ایک دوسرے کی پالیسیز میں مداخلت نہیں کرتے۔