spot_img

پاکستان اور سعودی عرب کے دفاعی معاہدے میں قطر اور ترکیہ بھی شامل ہو سکتے ہیں، خواجہ آصف

پاکستان اور سعودی عرب کے دفاعی معاہدے میں قطر اور ترکیہ بھی شامل ہو سکتے ہیں، خطہ میں اِس اتحاد کے قیام سے بیرونی انحصار کم ہو گا۔ پاکستان کی دفاعی و سفارتی کامیابیوں میں فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیراعظم شہباز شریف کا کلیدی کردار ہے۔

اسلام آباد (تھرسڈے ٹائمز) — وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے توقع ظاہر کی ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے باہمی دفاعی معاہدے میں قطر اور ترکیہ بھی شامل ہو سکتے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک برس میں پاکستان نے جو دفاعی و سفارتی کامیابیاں سمیٹی ہیں اُن میں فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیراعظم شہباز شریف کا کلیدی و اہم کردار ہے۔

وفاقی وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے ایک نجی نیوز چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے دفاعی معاہدے میں اگر قطر اور ترکیہ میں شامل ہو جائیں تو یہ خوش آئند ہو گا، یہ خطہ میں ایک ایسا معاشی و دفاعی اتحاد ہو گا جس سے بیرونی انحصار کم سے کم ہو گا، یہ اتحاد قیامِ امن کیلئے مفید ثابت ہو گا اور نہ صرف موجودہ حالات مؤثر ہو گا بلکہ آئندہ بھی اِس کا ایک دفاعی اثر قائم رہے گا۔

خواجہ آصف نے اِس خواہش کا اظہار کیا کہ خطہ میں قیامِ امن کیلئے ہم سب اکٹھے ہو جائیں تو یہ بہت خوش آئند ہو گا۔ اُنہوں نے علامہ محمد اقبال کے ایک شعر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ علامہ محمد اقبال کی بھی یہی خواہش تھی جو اُنہوں نے اپنے اِس شعر میں بیان کی؛
ایک ہوں مسلم حرم کی پاسبانی کیلئے
نیل کے ساحل سے لے کر تابخاک کاشغر

وزیرِ دفاع نے کہا کہ پاکستان نے اِس ایک سال میں جو سنگِ میل عبور کیے ہیں ایسے لمحات ہماری تاریخ میں پہلے نہیں آئے، اللّٰه کے فضل سے ہم نے جنگ جیتی جس کو پوری دنیا نے تسلیم کیا، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 60 سے زائد مرتبہ بھارت کو یاد کروایا ہے کہ اُس کے کتنے جہاز گِرے ہیں، اِس کے بعد سفارتی محاذ پر کامیابیاں حاصل ہوئیں اور پاکستان نے امریکا و ایران کے مابین جنگ بندی بھی کروائی، پاکستان قیامِ امن کیلئے کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔

چیف آف ڈیفینس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیراعظم شہباز شریف کا ذکر کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان کی کامیابیوں اور خطہ میں قیامِ امن کیلئے کردار میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کلیدی حصہ ہے، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے بھی اِس سفارتی سفر میں نہایت اہم کردار ادا کیا ہے۔

وفاقی وزیرِ دفاع کا مزید کہنا تھا کہ وہ پاکستان جس کو کبھی عالمی سطح پر دہشتگردی کے الزامات اور سیکیورٹی خدشات کے تناظر میں دیکھا جاتا تھا، آج امن و استحکام اور سفارت کاری کا علمبردار بن کر سامنے آ رہا ہے، گزشتہ ایک برس کے دوران پاکستان کا عالمی تشخص نمایاں طور پر تبدیل ہوا ہے اور دنیا اب اسلام آباد کو ایک مسئلہ کی بجائے مسائل کے حل کا حصہ سمجھ رہی ہے۔

خبریں

More from The Thursday Times

More from The Thursday Times