ملتان (تھرسڈے ٹائمز) — وزیرِ اعلٰی پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ چاہتی ہوں پنجاب کا کوئی بچہ بھی اچھی اور اعلیٰ تعلیم سے محروم نہ رہے، طلباء کے اچھے مستقبل کیلئے جو کچھ ہو سکا وہ کروں گی لیکن اس کے بدلہ میں صرف ایک چیز مانگتی ہوں کہ اپنے مُلک کے خلاف کبھی نہیں جانا، جو آپ کو کہے کہ آگ لگا دو اور میٹرو بس کے جنگلے توڑ دو اور سڑکیں بلاک کر دو اور راستے بند کر دو اور پیٹرول بم مارو اور گولیاں چلاؤ اور پولیس و رینجرز والوں کے سر پھاڑو تو ایسے کسی بہکاوے میں کبھی مت آنا، ہمیشہ خواتین کی عزت کرنا، ماؤں بہنوں بیٹیوں اور بڑوں کی عزت کرنا، انھی اقدار کے ساتھ معاشرے اور مُلک پہچانے جاتے ہیں۔
طلباء میں سکالرشپس کی تقسیم
بہاؤالدین ذکریا یونیورسٹی میں وظائف تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ میں چاہتی ہوں طلباء کو اے آئی، روبوٹک اور سائنس و ٹیکنالوجی کی تعلیم دی جائے، سکالرشپس لینے والے تمام ہونہار طلباء اور ان کے والدین اور تمام اساتذہ کو مبارکباد پیش کرتی ہوں، وزیرِ تعلیم پنجاب رانا سکندر ان بچوں کیلئے جو کچھ بھی کر سکتے ہیں وہ کرتے رہیں، ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) اور وزیرِ تعلیم کی بہت زیادہ شکر گزار ہوں۔
تمام 30 ہزار سکالرشپس 100 فیصد میرٹ پر دی جا رہی ہیں
وزیرِ اعلٰی پنجاب مریم نواز شریف نے طلباء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے ادراک ہے کہ آپ کے والدین نے کن مشکلات سے گزر کر آپ سب کو یہاں پہنچایا ہے، آپ کے والدین آج آپ کیلئے بہت خوش ہوں گے، آج میں صرف بطور وزیرِ اعلیٰ بات نہیں کر رہی بلکہ اس کے ساتھ ساتھ آپ سب کی ماں کے طور پر بھی آپ سے بات کر رہی ہوں، آپ کیلئے آج میں بہت خوش ہوں، آپ سب کو میرا شکریہ ادا کرنے کی بالکل ضرورت نہیں ہے کیونکہ آپ سب نے اپنی محنت سے سب کچھ حاصل کیا ہے۔
یہ میرا نہیں بلکہ طلباء اور پنجاب کے عوام کا پیسہ ہے
محترمہ مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ کہا جاتا ہے یہ کون سا آپ کا پیسہ ہے جو بچوں کو دیا جا رہا ہے، بالکل یہ ہمارا نہیں بلکہ پنجاب کے عوام کا پیسہ ہے لیکن سوال یہ ہے کہ 76 سالوں میں بھی یہ آپ کا ہی تھا پھر اکثر آپ کو کیوں نہ ملا؟ یہ میرا نہیں بلکہ طلباء اور پنجاب کے عوام کا پیسہ ہے، تقریب میں موجود کوئی طالبعلم یہ نہیں کہہ سکتا کہ اسے سکالرشپ میرٹ کو سائیڈ پر رکھ کر ملی ہے، تمام 30 ہزار سکالرشپس 100 فیصد میرٹ پر دی جا رہی ہیں، آپ کو سر اٹھا کر یہ سکالرشپس لینی چاہئیں کیونکہ یہ آپ کی محنت کا ثمر ہیں۔
آئندہ برس 50 ہزار طلباء کو سکالرشپس ملیں گی۔
چیف منسٹر آف پنجاب نے کہا کہ جن گھروں کی ماہانہ آمدن 3 لاکھ روپے سے کم ہے ان کیلئے بچوں کی پڑھائی کے خرچے برداشت کرنا آسان کام نہیں ہے، یہ سکالرشپس طلباء کو ان کی تعلیمی قابلیت کی بنیاد پر دی جا رہی ہیں، رواں برس 30 ہزار بچوں کو سکالرشپس دی جا رہی ہیں اور میری کوشش ہے کہ آئندہ سال 50 ہزار طلباء کو یہ وظائف دوں، اس کے علاوہ مستقبل میں بین الاقوامی سکالرشپس دینے کے حوالے سے بھی کام کیا جا رہا ہے۔
جلد طلباء میں لیپ ٹاپس بھی تقسیم کیے جائیں گے
پنجاب کی وزیرِ اعلٰی کا کہنا تھا کہ طلباء کیلئے لیپ ٹاپ شپمنٹ آ چکی ہے، بہت جلد طلباء میں لیپ ٹاپس بھی تقسیم کیے جائیں گے، میں ایک ماں کے طور پر آپ سے بات کر رہی ہوں، ماں کیلئے سب بچے ایک جیسے ہوتے ہیں اور اگر ماں کا ایک بچہ اچھی یونیورسٹی میں پڑھے لیکن دوسرا بچہ وسائل نہ ہونے کی وجہ سے اچھی یونیورسٹی میں نہ پڑھ سکے تو ماں کو یہ بات گوارا نہیں ہوتی، میں چاہتی ہوں کہ آپ اپنی پڑھائی کے اخراجات سے بےفکر ہو کر دل لگا کر پڑھیں۔
چاہتی ہوں کہ پنجاب کا کوئی بچہ بھی اچھی اور اعلیٰ تعلیم سے محروم نہ رہے
محترمہ مریم نواز شریف نے کہا کہ میں چاہتی ہوں پنجاب کا کوئی بچہ بھی اس لیے اچھی اور اعلیٰ تعلیم سے محروم نہ رہ جائے کہ اس کے پاس وسائل نہیں اور اگر ایسا ہوتا ہے تو میں اسے اپنی ناکامی تصور کروں گی، مجھے اس بات کی بھی خوشی ہے کہ 60 فیصد سکالرشپس لڑکیوں نے حاصل کی ہیں، اگر کسی بھی طالبعلم کا نجی یا سرکاری ادارے میں داخلہ ہو جاتا ہے تو اس کی مکمل فیس کی ذمہ داری میری ہو گی۔
چینی کمپنی پنجاب میں ای بائیکس کا مینوفیکچرنگ یونٹ لگائے گی
ان کا کہنا تھا کہ طلباء کو 30 ہزار الیکٹرک بائیکس دینے کا پہلا مرحلہ مکمل ہو گیا ہے، میری پوری کوشش ہے کہ اس اقدام سے ماحول کو تحفظ فراہم کیا جائے، نہیں چاہتی کہ پنجاب کے لوگ آلودہ فضا میں سانس لیں، ماحول کا تحفظ ہم سب کی قومی اور سماجی ذمہ داری ہے، بائیک کمپنیز سے بات چیت چل رہی ہے، بہت جلد چینی کمپنی پنجاب میں ای بائیکس کا مینوفیکچرنگ یونٹ لگائے گی، اگلے سال طلباء کو ایک لاکھ بائیکس مفت ملیں گی۔
کبھی اپنے مُلک کے خلاف نہیں جانا، کسی کا ایندھن نہ بننا
وزیرِ اعلٰی پنجاب نے کہا کہ آئندہ ہفتے طلباء کیلئے بلا سود قرض سکیم بھی متعارف کروائی جائے گی جس میں 3 کروڑ روپے تک کا قرض فراہم کیا جائے گا تاکہ طالب علم اپنے کاروبار اور باعزت روزگار شروع کر سکیں، آپ کے اچھے مستقبل کیلئے جو کچھ ہو سکا وہ کروں گی، آپ کے اچھے مستقبل کیلئے تمام رکاوٹیں دور کرنے کی کوشش کروں گی لیکن اس کے بدلہ میں صرف ایک چیز مانگتی ہوں کہ اپنے مُلک کے خلاف کبھی نہیں جانا۔
جو آپ کو کہے کہ آگ لگا دو، پیٹرول بم مارو، گولیاں چلاؤ اور پولیس والوں کے سر پھاڑو تو ایسے کسی بہکاوے میں مت آنا
محترمہ مریم نواز شریف نے طلباء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ایک ماں اپنے بچوں سے کہتی ہے کہ کسی کا ایندھن مت بننا، بچوں کو چاہیے کہ کبھی بھی پاکستان کے خلاف نہ جائیں، جو آپ کو کہے کہ آگ لگا دو اور میٹرو بس کے جنگلے توڑ دو اور سڑکیں بلاک کر دو اور راستے بند کر دو اور پیٹرول بم مارو اور گولیاں چلاؤ اور پولیس و رینجرز والوں کے سر پھاڑو تو ایسے کسی بہکاوے میں کبھی مت آنا، اگر یہ بات اچھی ہوتی تو آج وہ بچے معافی مانگ کر جیل سے باہر نہ آتے۔
سیاسی وابستگی اگر تہذیب کے دائرے میں ہو تو کوئی بُری بات نہیں
وزیرِ اعلٰی پنجاب مریم نواز شریف نے مزید کہا کہ ہم ایک جمہوریت میں رہتے ہیں اور اپنی سیاسی وابستگی رکھنا کوئی بُری بات نہیں لیکن ایسا تہذیب کے دائرے میں رہ کر ہونا چاہیے۔ ہمیشہ خواتین کی عزت کرنا، ماؤں بہنوں بیٹیوں اور بڑوں کی عزت کرنا، انھی اقدار کے ساتھ معاشرے اور مُلک پہچانے جاتے ہیں، نجانے ہماری قومی اخلاقیات کس سمت جا رہی ہیں لیکن جو ملک کیلئے دن رات محنت کر رہا ہے پاکستان کا مستقبل اس کے ساتھ ہے۔