عید کے بعد پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں تیزی، انڈیکس 118 ہزار پوائنٹس کی سطح عبور کرگیا

عید کی تعطیلات کے بعد پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں مثبت رجحان، کے ایس ای 100 انڈیکس 118 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی سطح عبور کرگئی۔

اسلام آباد (تھرسڈے ٹائمز) — عید کی تعطیلات کے بعد پاکستان اسٹاک مارکیٹ نے مثبت آغاز کیا اور عالمی سطح پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے مختلف ممالک پر ٹریڈ ٹیرف نافذ کیے جانے کے باوجود، مقامی مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کی دلچسپی اور اعتماد کے باعث کے ایس ای 100 انڈیکس میں 331 پوائنٹس کا اضافہ ہوا، جس سے انڈیکس 118 ہزار کی نفسیاتی حد عبور کرتے ہوئے 118,137 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔

آج ٹریڈنگ کے دوران سرمایہ کار محتاط مگر پُراعتماد رویے کے ساتھ متحرک نظر آئے، جس سے مارکیٹ دن بھر مثبت سمت میں گامزن رہی۔ کاروباری سیشن کے دوران انڈیکس نے 118,199 پوائنٹس کی بلند ترین سطح کو چھوا جبکہ کم ترین سطح 117,508 پوائنٹس رہی۔

ماہرین کے مطابق عالمی منڈیوں میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ٹیرف پالیسی سے کئی مارکیٹس دباؤ کا شکار ہیں لیکن پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں اس کے برعکس مثبت رحجان پایا جارہا ہے۔ ملک میں مہنگائی کی شرح میں کمی، شرح سود میں حالیہ کمی، اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کے اقدامات اور حکومت کی معاشی اصلاحات کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں، جو سرمایہ کاروں کے اعتماد کی بحالی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

حصص کے لین دین کا حجم بھی نمایاں رہا اور مجموعی طور پر تقریباً آٹھ ارب روپے مالیت کے آٹھ کروڑ نواسی لاکھ سے زائد حصص کا کاروبار ہوا۔ فیوچرز مارکیٹ میں بھی سرمایہ کاروں کی دلچسپی قابل ذکر رہی، جس سے آئندہ سیشنز میں مارکیٹ کے مزید مضبوط ہونے کے امکانات ہیں۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ سرمایہ کاروں کی دلچسپی کا تسلسل مارکیٹ کے مستقبل کے لیے حوصلہ افزا ہے اور آئندہ دنوں میں اسٹاک مارکیٹ مزید مستحکم ہو سکتی ہے۔

LEAVE A COMMENT

Please enter your comment!
Please enter your name here
This site is protected by reCAPTCHA and the Google Privacy Policy and Terms of Service apply.

The reCAPTCHA verification period has expired. Please reload the page.

خبریں

The latest stories from The Thursday Times, straight to your inbox.

Thursday PULSE™

More from The Thursday Times

error: