مریم نواز شریف کے ایون فیلڈ لندن پہنچنے کے بعد میاں صاحب نے میڈیا کے ساتھ اپنی پہلی باضابطہ گفتگو میں بہت سی باتیں کیں۔ یہ باتیں نئی نہیں تھیں۔ پہلے بھی یہ باتیں ہو چکی ہیں اور ان پر مختلف انداز میں تبصرے اور تجزیے بھی ہو چکے ہیں لیکن اب میاں صاحب نے ان تمام واقعات کو ایک ہی نشست میں کر کے اکٹھا کر دیا۔ میاں صاحب کی گفتگو ایک میچور اور سنجیدہ سیاستدان کی گفتگو تھی؛ ایسی گفتگو جس میں نہ تو کوئی بھڑک تھی، نہ الزام تراشی، نہ مستقبل کے دعوے اور نہ ہی واقعات کو ایسا رنگ دینے کی کوشش جس سے بات کا پس منظر بدل جائے۔ میاں صاحب نے اپنی بیوی، والدہ اور بیٹی کے حوالے سے اپنے جذباتی لمحات شئیر کیے اور اپنے تاثرات بتاتے ہوئے سوال کیا کہ آخر ان کا کیا قصور تھا جو ان کے ساتھ یہ سب کیا گیا؟ ساتھ ہی سوال کا دوسرا حصہ پہلے سے بھی زیادہ اہم تھا کہ میرا نقصان کرتے کرتے ملک کا نقصان کیوں کر دیا؟ میاں صاحب نے اپنے مختلف ادوار کی کارکردگی کا ذکر کیا۔ ایٹمی دھماکے کرنے کے حوالے سے امریکہ کی پیشکش ٹھکرانے کا ذکر کیا۔ بجلی کے منصوبوں اور دیگر عوامی ترقیاتی منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے اپنے دور کی معاشی ترقی پر بات کی۔ یہ سب کرنے کے باوجود آخر وہ ناپسندیدہ کیوں رہے اور ان کے ساتھ ایسا مخاصمانہ سلوک کیوں کیا گیا؟
میاں صاحب کا یہ سوال ظاہر ہے سیاسی مخالفین سے تو نہیں ہے اور نہ ہی میاں صاحب کے ساتھ یہ سب عمران خان یا کسی اور سیاسی مخالف نے کیا۔ سوال انہیں سے ہے جو اس ریاست کے بزعمِ خود دائمی و حتمی حکمران بنے پھرتے ہیں۔ کچھ لوگ میاں صاحب کے خطاب پر کہتے ہیں کہ میاں صاحب نے نام کیوں نہیں لیے؟ میاں صاحب جانتے ہیں کہ ان کے ساتھ یہ سب ظلم اور زیادتی کیوں کی گئی پھر وہ بتاتے کیوں نہیں ہیں؟ یہ وہی سوال ہیں جو 2017 میں جب میاں صاحب کو نااہل کیا گیا اور انہوں نے عوام رابطہ مہم شروع کی تو میاں صاحب سے کیا جاتا تھا کہ آپ نام کیوں نہیں لیتے؟ پھر ایک وقت آیا جب میاں صاحب نے نام بھی لیے اور ہر بات واضح کر کے بتائی بھی تو پھر کیا ہوا؟ کیا میاں صاحب کے لیے نام اور بتائے گئے حقائق میڈیا پر دکھانے کی کسی نے جرات کی؟ کیا کسی نے میاں صاحب کے لیے ناموں پر ان کرداروں سے سوال کرنے کی ہمت کی؟ ایسا کچھ بھی نہیں ہوا۔ پھر اب دوبارہ میاں صاحب سے گلہ کیوں اور کیسے؟ آج جب میاں صاحب نے اپنی ہمت، طاقت، سمجھداری، حکمت اور اپنے صبر اور برداشت سے اپنی لڑائی جیت لی ہے تو اب انہیں کیا ضرورت ہے نام لینے کی اور نیا پینڈورا باکس کھولنے کی؟
یہ میاں صاحب کے بیانیے کی جیت ہی ہے کہ 24 چینلز نے میاں صاحب کو براہ راست دکھایا، یہ میاں صاحب کی جیت ہے کہ میاں صاحب کا بھائی وزیراعظم پاکستان ہے، یہ میاں صاحب کی جیت ہے کہ ان کا سب سے قریبی ساتھی وزیر خزانہ پاکستان ہے، یہ میاں صاحب کی جیت ہے کہ ان کی بیٹی تمام مقدمات سے بری ہو کر آج ان کے ساتھ موجود ہے جس کا انہوں نے اعتراف بھی کیا اور مریم کی ہمت، جرات اور بہادری کی تعریف بھی کی۔ میاں صاحب ایک سیاستدان ہیں اور سیاست میں ہر وقت للکار اور مرنے مارنے کی باتیں نہیں ہوتیں بلکہ بہت سی باتیں بین السطور بھی کہی جاتی ہیں اور معاملات کو جذبات کی بجائے عقل کی کسوٹی پر طے کیا جاتا ہے۔ احتجاج اور مفاہمت ایک دوسرے کے متوازی چلتے ہیں اور جب جہاں جس عمل کی ضرورت ہو اس سے کام لیا جاتا ہے۔ میاں صاحب کی گفتگو سن کر صاف پتہ چلتا ہے کہ میاں صاحب نے اپنا بیانیہ نہیں چھوڑا اور وہ آج بھی انہیں مقتدر حلقوں کو اپنے سوالات کی زد میں لا کر کٹہرے میں کھڑا کر رہے ہیں جنہوں نے نوازشریف سے مخاصمت میں ملک کا بیڑا غرق کروا لیا۔ میاں صاحب کا بیانیہ وہی ہے بس انداز بدلا ہے اور بدلتے وقت کے ساتھ اس بدلے انداز کی اہمیت اور افادیت کو سمجھنا ہم سب کے لیے ضروری ہے۔
اللہ پاک پاکستان کا حامی و ناصر ہو، آمین۔
The contributor, Naddiyya Athar, has an M.A. in Urdu Literature and a B.Ed. With experience teaching at schools and colleges across Pakistan, she specialises in the discussion of the country’s ever-changing political landscape.
بہت خوب۔ بات کرنے کا انداز اور انداز تحریر متاثر کن ہے۔
بہت اچھی اور جامع تحریر ھے۔