دو ھزار اٹھارہ کے فتہ انگیز انتخابات کے بعد عمران خان نے جوں ہی وزیراعظم ھاوس میں قدم رنجہ فرمایا تو دنیا جہاں کے وہ گھاگ اور موقع شناس وارداتیئے پلک جھپکتے میں نہ صرف اس عمارت کے مکین ٹھہرے بلکہ اپنی اپنی مخصوص “ھنر” کے ذریعے اس بدنصیب ملک کو تسلسل کے ساتھ بے جان اور برباد کرتے اور اپنے اپنے نصیب سنوارتے رھے۔
(ان پر اسرار کرداروں کا ذکر بعد میں آئےگا)
رہا عمران خان کا دو کی بجائے ایک پاکستان اور کرپشن کے خلاف جہاد تو یہ دونوں نعرے نہ صرف محض سیاسی نعرے ثابت ہوئے بلکہ دو پاکستان اور کرپشن کی بنیادوں کو وہ مظبوطی اور پائیداری فراہم کر دی کہ ملک ابھی تک سنبھلنے کا نام نہیں لے رہا ھے۔ اس سلسلے میں عمران خان کا “میرٹ اور پیمانہ” ان کی اقتدار کی حمایت اور مخالفت سے ہی جڑا تھا نہ کہ انصاف اور سچائی سے۔
اگلے دنوں میں جسٹس وقار احمد سیٹھ مرحوم نے سابق ڈکٹیٹر پرویز مشرف کو سزا سنائی تو خان صاحب عدالتی فیصلے کی بجائے ان قوتوں کے ساتھ کھڑے نظر آئے جن کی نظر عنایت نے آر ٹی ایس کا معجزہ برپا کر کے عمران خان کو تخت و تاج فراہم کیا تھا۔ جنرل عاصم سلیم باجوہ کے خلاف اربوں روپے کا پاپا جونز سکینڈل سامنے آیا تو کرپشن کے خلاف جہاد کرنے والا عمران خان کاغذ کے کسی سادہ لیکن پراسرار ٹکڑے کو اس حد تک ثبوت حق مان گئے کہ جنرل عاصم باجوہ کو مشیر کے سنگھاسن سے اتارنا بھی مناسب نہیں سمجھا۔
برطانوی عدالت نے ملک ریاض کا گھپلا پکڑا اور سینکڑوں ارب روپے پاکستانی حکومت کو واپس کرنے کا حکم دیا تو کابینہ کے کسی اجلاس میں ایک پراسرار کاغذ لہرا دیا گیا اور اربوں روپے اس ملک ریاض کی جھولی میں ڈال دیئے گئے جو ھیرے کی انگوٹھی سے القادر ٹرسٹ کی زمینوں تک کے “عطیات” دیتا رہا۔ بشری مانیکا فرح گوگی عثمان بزدار خسرو بختیار پرویز خٹک عامر کیانی اور علی زیدی جیسے لوگ خان صاحب کی نظر التفات کے سبب کرپٹ نہیں بنے۔ کراہت بھرا کردار شہزاد اکبر ملک ریاض کا بریف کیس اور ایک خوبرو ماڈل کو پیہم لئے گھومتا اور تباہی پھیلاتا رہا لیکن خان کی ہمرکابی کے سبب پھر بھی کرپٹ نہیں بنا۔
ندیم بابر آئی پی پی کمپنی کا مالک بھی اور پٹرولیئم کےلئے وزیراعظم کا معاون خصوصی بھی تھا۔ موصوف نے اپنی کمپنی کو فائدہ پہنچانے کے لئے ایل این جی کا سستا معاھدہ ختم بھی کیا اور نئی خریداری کو نظر انداز کر کے ملک کو تباہی سے دوچار بھی کیا لیکن کرپٹ پھر بھی نہیں کیونکہ ساتھی جو عمران خان کا ٹھرا۔ مہمند ڈیم میں ٹھیکوں کے حوالے رزاق داوود کی کمپنی (ڈیسکون) کے اربوں روپے کا گھپلا ہو۔ کرونا فنڈ میں بارہ سو ارب کی سفاک ڈکیتی ہو۔ یا میڈیسن کمپنیوں سے بھاری کمشن لےکر دوائیوں میں پانچ سو فیصد اضافہ ہو۔ لیکن عمران خان کو ہمیشہ کرپشن وہاں نظر آئی جہاں اسے اپنی مخالفت کا معمولی سا شک بھی پڑ جائے۔
حیرت انگیز بات یہ ہے کہ ایک عہد ستم کیش میں ڈرامہ رچاتا کرپشن کا جو غول اچانک کہیں سے نمودار ہوا تھا اس میں اکثریت پر اسرار اور انجانے لوگوں کی تھی۔
پتہ نہیں یہ زلفی بخاری نام کا نوجوان اچانک کہاں سے آن دھمکا؟ انیل مسرت کا شجرہ نسب کیا تھا؟ فیصل جاوید کس شجر کا ثمر تھے؟ شہباز گل کی آبیاری کہاں ہوئی تھی؟ ندیم بابر فرح گوگی جمیل گجر اور شہزاد اکبر جیسے لوگ کس کا اشارہ ابرو پا کر بنی گالہ اور وزیراعظم ھاوس میں منہ زور اور معتبر بنے؟
اسی منظر نامے کی تخلیق سے اہل دانش کو اسی وقت عمران خان کے آئندہ کے “لائحہ عمل” اور ملک کے “مستقبل” کا اندازہ ہو چلا تھا لیکن پنڈی کے مکینوں کا فرمان جاری ہوا تھا۔ کہ مثبت رپورٹنگ کے علاوہ کوئی “گستاخی” قابل قبول نہیں۔
سو ناسازگار موسموں میں کوئی سوال اٹھانے کی جرات کرتا تو اسے اٹھا لیا جاتا۔ ورنہ، اگر اکبر ایس بابر نے فارن فنڈنگ میں گھپلوں پر سوال اٹھایا تھا اور کوئی بے ضابطگی اور کرپشن نہیں ہوئی تھی تو پھر معاملے کو آٹھ سال تک لٹکانے اور سٹے پر سٹے لینے کی ضرورت کیا تھی۔ اور بلآخر “موسموں کی تبدیلی” کے بعد جب فیصلہ آیا تو کرپشن اور بے ضابطگیاں ثابت بھی تو ہوئیں۔
عمران خان کی سیاست ہمیشہ دوسروں کو چور ڈاکو کہنے کے بیانیئے پر کھڑی رہی، لیکن توشہ خانہ سکینڈل سامنے آیا تو گھڑیوں سے کف لنکس تک نہیں چھوڑے گئے تھے، اور پھر ملوث کون نکلے؟ عمران خان کی اپنی اھلیہ بشری مانیکا اور دونوں میاں بیوی کے دست راست زلفی بخاری۔
بی آر ٹی میں اربوں روپے کی کرپشن طشت از بام ہوئی تو چھینٹے پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت اور وزیر اعلی پرویز خٹک کے دامن تک پہنچے۔ لیکن طرفہ تماشا ملاحظہ ہو کہ پی ٹی آئی نے تحقیقات پر پشاور ھائی کورٹ سے سٹے لے لیا۔
مزید تماشا ملاحظہ ہو کہ پی ٹی آئی کے دوسرے وزیر اعلی محمود خان نے چیف منسٹر انسپکشن ٹیم کو انکوائری کا حکم دیا۔ تو ستائیس صفحات پر مشتمل رپورٹ میں ھر سطر ایک خوفناک کرپشن کی گواہی دیتا رہا۔ اور یوں رپورٹ دبا دی گئی۔
سونامی بلیئن ٹری اور مالم جبہ بھی اسی پی ٹی آئی حکومت کے کارنامے ہیں جس پی ٹی آئی کا سربراہ کرپشن کے خلاف “جہاد” کا دعویدار بنا ہوا ھے۔
لیکن اس سب کچھ کے باوجود بھی عمران خان لاڈلے کا لاڈلا ھی ھے۔ کیونکہ نہ اسے سول سپرمیسی درکار ھے۔ نہ پارلیمان کی بالادستی نہ عدلیہ اور اظہار رائے کی آزادی اور نہ ھی آمرانہ قوتوں کی پسپائی۔ بلکہ اسے اگر غرض ھے بھی تو وزیراعظم کے اس عہدے سے جسے معین قریشی اور شوکت عزیز جیسے انجانے لوگ بھی اس مملکت بد بخت میں اچکتے رھے۔ سو خان صاحب کے پشتیبانوں کو اس سے کیا سروکار کہ وہ کر کیا رہا ھے اور کہہ کیا رہا ھے۔ وہ تو اس بات پر نہال ہو رہے ہیں کہ عمران خان نے اکیلے ہی حماقت اور نا خبری کی وہ مبالغہ آمیز “طاقت ” کھڑی کردی جس نے آمرانہ قوتوں کی مہندم ہوتی ہوئی “جاودانی” کو ناسازگار موسموں میں بچایا بھی اور اسے استحکام بھی بخشا۔