مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ وہ جو جو کہہ رہے ہیں کہ مسلم لیگ ن دب گئی ہے خاموش ہوگی ہے کمزور ہوگئی ہے انکو آج پیغام ہے کہ آو اپنی آنکھوں سے دیکھ لو تم نے میدان میں جتنے چکر لگانے تھے لگا لیے اب مسلم لیگ ن کی باری ہے یہ بات انہوں نے بہالپور میں مسلم لیگ ن کے پارٹی عہدیداران سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
سینئر نائب صدر ن لیگ نے اس موقع پر پشاور میں ہونیوالے دہشتگردی کےاندوہناک واقعہ میں شہید ہونیوالوں کے دعا کرتے ہوئے کہا کہ دعاگو ہیں کہ اللہ تعالی شہدا کے درجات بلند کریں انکے خاندانوں کو صبر عطا فرمائیں اور اللہ تعالی پاکستان کو امن و سکون کا گہوارہ بنا دے۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ نواجوان بچے بچیاں میری مہم کا ہراول دستہ ہونگے انشا اللہ اور میری پوری توجہ ہوگی کہ مسلم لیگ ن کیلئے نوجوانوں کیلئے نئے ونگ کی تشکیل کی جائیگی۔
مریم نواز نے اس موقع پر کہا کہ میرے نئے عہدوں کے بارے میں بڑی بات کی جارہی ہے لیکن یہ عہدے تو مجھے ابھی ملے ہیں مجھے تو عوام نے جب سے محبت دینا شروع کی ہے میں ان عہدوں کی محتاج نہیں میں ان عہدوں کے بغیر بھی عوام کے شانہ بشانہ رہی ہوں اور رہوں گی انہوں نے مزید کہا کہ جب میرے پاس کوئی عہدہ نہیں تھا تب بھی اللہ تعالی کے بعد آپ عوام میری سب سے بڑی طاقت تھے اور آج بھی اللہ تعالی کے بعد آپ میری سب سے بڑی طاقت ہو۔
چیف آرگنائز مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ موروثیت کا شور ڈالنے والے جن کو تکلیف ہورہی ہے وہ سن لیں عوام کی آواز اور محبت کو موروثیت نہیں جمہوریت کہتے ہیں انہوں نے کہا کہ عمران خان کے چار سالہ انتقام اور جبر کے دور میں جس طرح مسلم لیگ ن کے کارکنوں نے میرے اور نواز شریف کا ساتھ دیا اور وفا نبھائی اسکی مثال نہیں ملتی جب میڈیا پر نواز شریف اور مریم نواز کی آواز بند کردی گئی تو یہی کارکنان مریم نواز اور نواز شریف کی آواز بنے میرے ساتھ جس طرح جلسے کیے بے شک جلسہ گاہ کو تالے لگا دیے جاتے پانی چھوڑ دیا جاتا اسکے باوجود کارکنان میرے ساتھ کھڑے رہےأ
مریم نواز نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی آج بری حالت اس پانچ کے ٹولے کی وجہ سے ہے جس پانچ کے ٹولے نے پاکستان کا جو چار برس میں یہ برا حال کردیا ہے شکر کرو پاکستان بچ گیا ہے ورنہ یہ تو اگلے بارہ برس کا پلان بنا کر بیٹھے ہوئے تھے سوچو اگر یہ رہ جاتے تو پاکستان کا کیا حال ہوتا ان کھلاڑیوں اور اناڑیوں نے صرف معیشت کا برا حال نہیں کیا اس پر خود کش حملہ کیا آج جو قیمتیں بڑھانی پڑ رہی ہیں اسکی وجہ آئی ایم ایف کا وہ معاہدہ ہے جو عمران خان نے کیا اور جب کرسی ہلتی نظر آئی تو اسی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پھاڑ دیا جس کو اب سب بھگت رہے ہیں۔
رہنما مسلم لیگ نے مزید کہا کہ جو اپنے دل میں پاکستان کو سری لنکا بنانے کی خواہش رکھتا ہے اور بار بار کہتا ہے کہ ملک سری لنکا بن جائیگا وہ یاد رکھے کہ نواز شریف اور شہباز شریف نے ملک کو سری لنکا بننے سے بچا لیا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ چاہے کھوسہ ہوا چاہے ڈیم والا بابا ہو چاہے عمران ہو یا اسکی دو بیساکھیاں ہوں آج اللہ تعالی کے فضل و کرم سے سب اپنے انجام کو پہنچے ہیں جس پانچ کے ٹولے نے چار برس اس ملک کو بے دردی سے لوٹا انکا کچا چٹھا بھی سامنے آئیگا انہوں نے مزید کہا کہ پانچ کے ٹولے کی چار برس کارستانیاں یہ رہیں کہ کوئی ہیرے کی انگوٹھیاں لیتا رہا کوئی پلاٹ لیتا رہا کوئی زمینوں میں پیسہ بناتا رہا کوئی دبئی پیسے بھیجتا رہا اور کوئی چکوال میں کئی سو کنال کا گھر بناتا رہا۔
سینئر نائب صدر مسلم لیگ ن مریم نواز نے کہا کہ جب نواز شریف کے دور میں روٹی پانچ روپے کی چینی پچاس روپے کلو آٹا پینتیس روپے کلو بکتا تھی تو کس کو تکلیف ہوئی اور کیوں ہوئی بائیس بائیس گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ختم کرنے پر کس کو تکلیف ہوئی اور کیوں تکلیف ہوئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ جس دہشتگردی سے نواز شریف نے رد الفساد اور ضرب عضب کے ذریعہ پاکستان کی جان چھڑوائی اسکی دوبارہ واپسی عمران خان اور جسے وہ اپنے ہاتھ کان آنکھیں کہتا تھا جوخیبر پختونخواہ میں پوسٹڈ تھا انہوں نے خطرناک دہشتگردوں کو رہائی دی اور انہیں وہاں لا کر بسایا۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے تین ادوار کے نو برس اگر پاکستان کی 75 سالہ تاریخ سے نکال دیں تو باقی صرف کھنڈرات بچتے ہیں جو منصوبہ اٹھا کر دیکھیں جس کو بڑے فخر سے دکھاتے بتاتے ہیں ہر ایک پر نواز شریف کا نام لکھا نظر آئیگا جس نے 1991 میں کر کے دکھیا جس نے 1997 میں کرکے دکھایا جس نے 2013 میں کرکے دکھایا وہ ان شا اللہ اب بھی کرکے دکھائے گا۔
چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن نے اس موقع پر کہا کہ جس کو عمران خان اپنے ہاتھ کان آنکھیں کہتا تھا جو افغانستان میں کھڑا ہوا چائے پیتا کہتا رہا سب ٹھیک ہوجائیگا پختونخواہ میں اسکی دس برس حکومت رہی یہ بتائیں انہوں نے ادھر دس برس کیا کیا۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ جس نے سیاست کو دشمنی میں بدلا گالیوں میں بدلا گھر گھر میں تفریق پیدا کیا لوگوں کو بدتمیزی سکھائی اور ملک کو تقسیم کیا وہ پاکستان کا سب سے بڑا دشمن ہے۔
الیکشن کے حوالے سے مریم نواز نے کہا کہ مسلم لیگ ن الیکشن کیلئے تیار ہے مسلم لیگ ن آج سے میدان میں اتر چکی ہے اور جب بھی الیکشن ہونگے ان شا اللہ کلین سویپ کرینگے۔