تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ مجھے گرفتاری اور جیل جانے کا کوئی خوف نہیں ہے میں تو جیل چلاجاونگا لیکن کیا یہ حکومت اس کے بعد جو کچھ ہوگا وہ برداشت کرلے گی یہ بات عمران خان نے وائس آف امریکہ سے بات کرتے ہوئے کہی۔
جیل بھرو تحریک اور جیل جانے کے سوال پر عمران خان نے کہا کہ ہمارے پاس دو راستے تھے ایک انتشار اور دوسرا جیل بھرنے والا اور ہم نے جیل بھرنے والی آپشن کو استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں سربراہ تحریک انصاف نے کہا کہ ہماری حکومت پی ڈی ایم اورجنرل باجوہ سمیت سب نے مل کر گرائی انہوں نے کہا جومیں کہتا تھا کہ جنرل باجوہ نے میری حکومت گرائی وہ اب سچ ثابت ہوگیا ہے کیونکہ جنرل باجوہ نے ایک انٹرویو میں خود تسلیم کرلیا ہے کہ میری حکومت گرانے میں انکا ہاتھ تھا اور رجیم چینج کا اعتراف بھی کرلیا ہے۔
عمران خان نے اس موقع پر کہا کہ اسوقت بھی جنرل باجوہ کی پالیسیاں چل رہی ہیں اور پاکستان کے جو آج حالات ہیں وہ اس سے قبل کبھی نہیں تھے۔
سربراہ تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ جنرل باجوہ نے جو بیان دیے ہیں اس پر انکے کیخلاف فوج کے اندر سے انکوائری ہونی چاہیے اور قوم جو سمجھتی تھی کہ جنرل باجوہ نے ہماری حکومت گرائی ہے اس سے جنرل باجوہ نے خود ہی کہ کہہ کر پردہ ہٹا دیا ہے کہ ہماری حکومت انہوں نے گرائی۔
امریکی صدرجو بائیڈن کیساتھ تعلقات بہتر نہ ہونے کے سوال پر عمران خان نے کہا کہ اسکی وجہ افغانستان ہے اور میرا ان سے کوئی رابطہ نہیں ہوا۔