چیئرمین تحریکِ انصاف عمران خان نے امریکی کانگریس کی خاتون رکن سے ”زوم“ پر گفتگو کی ہے۔ اس گفتگو میں عمران خان نے پاکستان کی افواج، انٹیلی جینس ایجنسی اور وفاقی حکومت پر سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔
سابق وزیراعظم نے امریکی کانگریس کی خاتون رکن میکسین واٹرز سے یہ مطالبہ کیا کہ وہ عمران خان اور تحریکِ انصاف کے حق میں کوئی بیان جاری کریں کیونکہ ان کا بیان پاکستان کے موجودہ حالات میں عمران خان اور تحریکِ انصاف کیلئے مددگار ہو گا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ یہ شاید پاکستان کی تاریخ کا نازک ترین وقت ہے، ملک عجیب و غریب ترین حالات سے گزر رہا ہے، ایک قاتلانہ حملہ میں میری ٹانگ پر تین گولیاں لگیں جنہیں میرے جسم کے اوپر والے حصہ کو نشانہ بنانے کیلئے چلایا گیا تھا۔ میری حکومت کو سابق آرمی چیف نے ختم کیا کیونکہ پاکستان میں ملٹری اسٹیبلشمنٹ بہت طاقتور ہے اور اس نے موجودہ پی ڈی ایم حکومت کے ساتھ مل کر میرے خلاف سازش کی، یہاں فوج اور آئی ایس آئی بہت زیادہ طاقتور ہیں۔ میری پی ٹی آئی حکومت نے 2018 سے 2022 تک جو معاشی کارکردگی دکھائی وہ گزشتہ 17 سالوں میں بہترین تھی۔ فی الحال پی ڈی ایم حکومت اور ملٹری اسٹیبلشمنٹ کے اتحاد کی وجہ سے میری جان خطرے میں ہے۔
عمران خان نے امریکی کانگریس کی خاتون رکن کا نام لے کر انہیں مخاطب کیا اور کہا؛ میکسین! اگر آپ کوئی بیان جاری کریں تو وہ میرے لیے بڑ مددگار ہو گا۔ کسی بھی جمہوری جماعت کو کبھی اپنے بنیادی حقوق سے اس طرح محروم نہیں کیا گیا۔
چیئرمین تحریکِ انصاف کا مزید کہنا تھا کہ آپ تصدیق کر سکتی ہیں، آپ کو معلوم ہو گا کہ میں بالکل درست بات کر رہا ہوں۔ میکسین! اگر آپ ہمارے حق میں کوی بیان جاری کریں تو ہمارے لیے یہ قابلِ تعریف ہو گا کیونکہ آپ کی کہی بات بہت دور تک پہنچتی ہے۔ ہم ایک بیان چاہتے ہیں اور جب کانگریس میں موجود آپ جیسی خاتون کوئی بیان دیتی ہے تو وہ پاکستان میں اثر رکھتا ہے۔ عمران خان نے گفتگو کے آخر میں رکن کانگرس میکسین واٹرز کا شکریہ بھی ادا کیا۔