اسلام آباد—مقتول صحافی ارشد شریف کی والدہ نے سپریم کورٹ میں بیٹے کے قتل کیس میں تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان، صحافی عمران ریاض، تحریکِ انصاف کے رکن مراد سعید، سابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا اور اے ار وائی کے سربراہ سلمان اقبال کو شاملِ تفتیش کرنے کی درخواست کر دی ہے۔
ارشد شریف کو کینیا میں 23 اکتوبر 2022 کو پراسرار طور پر قتل کر دیا گیا تھا جس کے بعد تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان اور ان کے حامیوں کی جانب سے سیاسی و فوجی قیادت پر الزامات عائد کیے گئے جبکہ صحافی عمران ریاض بھی ارشد شریف کی حمایت میں تقاریر اور یوٹیوب پروگرامز کرتے دکھائی دیئے۔
یہ قتل کیس کئی ماہ سے ایک معمہ بنا ہوا ہے جبکہ آج یہ پیش رفت سامنے آئی ہے کہ ارشد شریف کی والدہ نے سپریم کورٹ میں چیف جسٹس عمر عطا بندیال کو ایک درخواست دائر کی ہے جس کے مطابق اس کیس میں عمران خان، عمران ریاض، سلمان اقبال، مراد سعید اور فیصل واوڈا کو بھی شاملِ تفتیش کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔