اسلام آباد—صدرِ مملکت عارف علوی نے “ایکس” سابقہ ٹویئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ خدا گواہ ہے کہ میں نے آفیشل سیکریٹس ترمیمی بل 2023 اور پاکستان آرمی ترمیمی بل 2023 پر دستخط نہیں کیے کیونکہ میں ان قوانین سے متفق نہیں تھا۔
صدر عارف علوی کی جانب سے جاری کردہ پیغام میں لکھا گیا ہے کہ میں نے اپنے عملہ سے کہا تھا کہ وہ ان بلوں کو دستخط کے بغیر مقررہ وقت کے اندر واپس بھیج دیں تاکہ انہیں غیر مؤثر بنایا جا سکے جبکہ میرے بار بار پوچھنے پر مجھے یقین بھی دلایا گیا کہ میری ہدایات پر عمل کیا گیا ہے۔
ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ مجھے آج معلوم ہوا ہے کہ میرے عملہ نے میری مرضی کے برخلاف میرے حکم کی تعمیل نہیں کی، اللّٰه سب جانتا ہے اور وہ مجھے معاف فرمائے گا جبکہ میں ان تمام لوگوں سے بھی معافی مانگتا ہوں جو ان بلوں کی وجہ سے متاثر ہوں گے۔