لاہور—پاکستان مسلم لیگ نواز کی چیف آرگنائزر مریم نواز شریف نے جماعت کے یوتھ والنٹیئرز کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف ملک کو بحرانوں سے نکالنے اور زخموں پر مرہم رکھنے کیلئے وطن واپس آ رہے ہیں۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ نواز شریف 21 اکتوبر کو اپنے گھر رائیونڈ جائیں گے تو وہاں ان کا استقبال کرنے والی میری ماں انکی بیوی اور انہیں دعا دینی والی ان کی اپنی ماں موجود نہیں ہوں گی، نواز شریف نے جو زخم کھائے ہیں وہ ساری عمر نہیں بھر سکتے لیکن پھر بھی نواز شریف پاکستان اور پاکستان کے عوام کی خاطر واپس آرہے ہیں۔
مسلم لیگ نواز کی سینئر نائب صدر کا کہنا تھا کہ نواز شریف پاکستان کے زخموں پر مرہم ہیں، 21 اکتوبر کو کسی فردِ واحد کی واپسی نہیں بلکہ ملک میں امید کی واپسی ہے، ترقی و خوشحالی کی واپسی ہے، امن اور روزگار کی واپسی ہے، سستی بجلی اور سستی گیس کی واپسی ہے، انشاءاللّٰه نواز شریف پاکستان کے عوام کو مہنگائی سے نجات دلائیں گے، نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع فراہم کریں گے اور پاکستان میں امن اور ترقی و خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز ہو گا۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ 21 اکتوبر کو عوام ثابت کریں گے کہ لیڈر صرف نواز شریف ہیں، نواز شریف پاکستان کی معیشت کو بحال کریں گے، ایک بار پھر دہشتگردی کا خاتمہ ہو گا، ہم نے پہلے کبھی قوم کی خدمت کا کوئی موقع ضائع کیا اور نہ اب کریں گے، جب سے نواز شریف کو نکالا گیا تب سے لوگوں کے گھروں سے روشنیاں بھی نکل گئیں، ملک کی گلیوں، محلوں اور شہروں سے سکون چلا گیا، نہ صرف سکون چلا گیا بلکہ روٹی، خوشیاں اور مستقبل بھی چھین لیے گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ اللّٰه تعالٰی نے ہمیشہ نواز شریف کو سرخرو کیا اور انہیں عزت عطا فرمائی، نواز شریف کا مقصد سسٹم کی بہتری اور عوام الناس کی فلاح ہے، اگر پاکستان میں سے نواز شریف کی دی ہوئی ترقی نکال دیں تو پیچھے صرف کھنڈرات باقی بچیں گے۔
مسلم لیگ نواز کی چیف آرگنائزر نے کہا کہ نواز شریف نے آسمان کی طرف دیکھ کر کہا تھا کہ میں اپنا معاملہ اللّٰه تعالٰی پر چھوڑتا ہوں، جنہوں نے کہا تھا کہ نواز شریف کی سیاست ختم ہو گئی ہے اور نواز شریف کبھی نہیں آئے گا وہ آج گھروں میں بیٹھے دیکھ رہے ہیں کہ نواز شریف واپس آ رہا ہے، جنہوں نے نواز شریف کو نکالا وہ خود آج تاریخ کے کوڑے دان میں پڑے ہیں۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ نواز شریف کو عبرت کا نشان بنانے کی کوششیں کرنے والے آج خود عبرت کا نشان بنے ہوئے ہیں جبکہ نواز شریف کے استقبال کیلئے عوام تیاریوں میں مصروف ہیں، نواز شریف پہلے سے زیادہ طاقتور ہو کر واپس آ رہے ہیں۔