اسلام آباد (تھرسڈے ٹائمز) — الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ملک میں آئندہ برس 11 فروری کو عام انتخابات کے انعقاد کا اعلان کر دیا ہے۔
سپریم کورٹ میں 90 روز میں انتخابات کروانے کے کیس کی سماعت ہوئی جس میں الیکشن کمیشن کے وکیل سجیل سواتی نے بتایا کہ حلقہ بندیاں 30 نومبر تک مکمل ہو جائیں گی جبکہ ملک میں 11 فروری 2024 کو عام انتخابات ہوں گے۔
چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے استفسار کیا کہ کیا صدرِ پاکستان سے عام انتخابات کی تاریخ کے متعلق مشاورت کی گئی؟ چیف جسٹس نے الیکشن کمیشن کو صدرِ پاکستان سے مشاورت کی ہدایت کرتے ہوئے استفسار کیا کہ کیا کسی کو الیکشن کمیشن کی صدر سے مشاورت پر اعتراض ہو گا؟
چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے استفسار پر پیپلز پارٹی کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ ہمیں کوئی اعتراض نہیں جبکہ تحریکِ انصاف کے وکیل علی ظفر نے کہا کہ ہمیں پتھر پر درج انتخابات کی تاریخ چاہیے۔