راولپنڈی (تھرسڈے ٹائمز) — تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے سائفر کیس کی سماعت کے موقع پر اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سائفر کیس میں عمران خان کے خلاف ایسی دفعات لگائی جا رہی ہیں کہ جن کے مطابق عمران خان کو سائفر کیس میں عمر قید یا سزائے موت بھی ہو سکتی ہے۔
علیمہ خان کا کہنا تھا کہ اگر سائفر کیس میں عمران خان کو پاکستان کی عدالتوں سے انصاف نہ ملا تو پھر ہم امریکہ میں “ڈونلڈ لو” کے خلاف کیس دائر کریں گے۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ عمران خان کے خلاف سائفر کیس میں ایسی دفعات کیوں لگائی جا رہی ہیں؟ عمران خان نے ایسا کون سا جرم کیا ہے کہ جس کی وجہ سے ایسا کیا جا رہا ہے؟ رانا ثناء اللّٰہ نے عمران خان کے خلاف کیس دائر کیا، ہمیں انصاف ملنا چاہیے۔
عمران خان کی صحت کے متعلق ایک سوال کے جواب میں علیمہ خان نے بتایا کہ عمران خان کہتے ہیں کہ جیل میں ان کی اچھی روٹین بنی ہوئی ہے، عمران خان اچھی صحت میں ہیں اور ان کی جانب سے کھانے کے متعلق کوئی شکایت نہیں ہے۔