اسلام آباد (تھرسڈے ٹائمز) — تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان اور شاہ محمود قریشی کو پھانسی دینے کا پلان بنایا جا رہا ہے، یہ عمران خان کو سزائے موت دینے پر تلے ہوئے ہیں۔
علیمہ خان کا کہنا تھا کہ رانا ثناء اللّٰہ نے عمران خان کے خلاف ایسی دفعات لگوائی ہیں کہ عمران خان کو سزائے موت ہو سکتی ہے، سچ کو چھپایا جا رہا ہے اور سچ یہ ہے کہ پاکستان کے خلاف سازش ہوئی تھی، آج ہمارے وکلاء نے بہت اچھے دلائل دیئے ہیں، ہمیں امید ہے کہ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب انصاف پر مبنی فیصلہ سنائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ جیل میں عمران خان کا حوصلہ بلند ہے اور وہ اتنے مضبوط ہیں کہ انہیں دیکھ کر ہمیں شرم آتی ہے کہ ہم کیوں اتنے مضبوط نہیں ہیں، جیل میں ٹرائل اس لیے کیا جا رہا ہے تاکہ لوگوں کو سچ پتہ نہ لگے، میں سمجھتی ہوں کہ یہ ایک مذاق ہو رہا ہے۔