اسلام آباد (تھرسڈے ٹائمز) — بیرسٹر گوہر خان تحریکِ انصاف کے انٹرا پارٹی انتخابات میں بلامقابلہ چیئرمین منتخب ہو گئے ہیں، انہوں نے گزشتہ روز (یکم دسمبر) پارٹی چیئرمین شپ کیلئے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرائے تھے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کے فیصلے کے تحت آج تحریکِ انصاف نے انٹرا پارٹی انتخابات کا انعقاد کیا، تحریکِ انصاف کے چیف الیکشن کمشنر نیاز اللّٰہ نیازی نے تصدیق کی ہے کہ بیرسٹر گوہر خان پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین منتخب ہو گئے ہیں۔
تحریکِ انصاف کے چیف الیکشن کمشنر کے مطابق عمر ایوب تحریکِ انصاف کے مرکزی جنرل سیکرٹری منتخب ہو گئے ہیں، یاسمین راشد تحریکِ انصاف پنجاب کی صدر جبکہ منیر احمد بلوچ تحریکِ انصاف سندھ کے صدر منتخب ہو گئے ہیں۔
نیاز اللّٰہ نیازی کے مطابق حلیم عادل شیخ تحریکِ انصاف سندھ کے صدر جبکہ علی امین گنڈا پور تحریکِ انصاف خیبر پختونخوا کے صدر منتخب ہوئے ہیں، انٹرا پارٹی انتخابات میں حصہ لینے والوں کا ایک پینل ہے جبکہ تمام امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوئے ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ 23 تاریخ کو الیکشن کمیشن آف پاکستان نے تحریکِ انصاف کے متعلق یہ حکم جاری کیا تھا کہ انتخابی نشان کو برقرار رکھنے کیلئے تحریکِ انصاف کو 20 روز کے اندر پارٹی الیکشن کا انعقاد کرنا ہو گا۔
تحریکِ انصاف کی جانب سے 2 دسمبر کو انٹرا پارٹی انتخابات کے انعقاد کا اعلان کیا گیا جبکہ عمران خان تحریکِ انصاف کی چیئرمین شپ سے دستبردار ہو گئے، عمران خان کے وکلاء کا کہنا تھا کہ قانونی پیچیدگیوں کے باعث عمران خان بطور امیدوار چیئرمین انٹرا پارٹی انتخابات میں حصہ نہیں لیں گے۔