اسلام آباد (تھرسڈے ٹائمز) — پاکستان کی سٹاک مارکیٹ میں تاریخ ساز بلندیوں کا سلسلہ جاری ہے، آج کاروباری ہفتہ کے آخری روز کے اختتام تک مجموعی طور پر ہنڈرڈ انڈیکس میں 1505 پوائنٹس کا اضافہ ہوا جبکہ سٹاک ایکسچنج میں 66 ہزار کی نفسیاتی حد بھی عبور ہو گئی ہے۔
جمعہ کے روز کاروبار کے آغاز سے ہی سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی دیکھی گئی اور یہ سلسلہ اختتام تک جاری رہا، گزشتہ روز 64 ہزار 718 پوائنٹس پر بند ہونے والی سٹاک مارکیٹ آج ہنڈرڈ انڈیکس میں 1505 پوائنٹس اضافہ کے ساتھ تاریخ کی نئی بلند ترین سطح 66 ہزار 223 پر بند ہوئی ہے۔
روپے کی قدر میں اضافے کا سلسلہ بھی جاری ہے، آج انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت 25 پیسے کمی کے بعد 283 روپے 87 پیسے پر بند ہوئی جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 25 پیسے کمی کے بعد 284 روپے 75 پیسے پر بند ہوئی ہے۔