لاہور (تھرسڈے ٹائمز) — پاکستان مسلم لیگ (ن) نے سوشل میڈیا ٹیم کے اہم رکن ذیشان ملک کو جماعت کا اسسٹنٹ سیکرٹری انفارمیشن مقرر کر دیا ہے، ذیشان ملک اس سے پہلے مسلم لیگ نواز کی سینیئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز شریف کے میڈیا کوآرڈینیٹر رہ چکے ہیں جبکہ مریم نواز شریف کے پولیٹیکل سیکرٹری کے عہدے پر بھی خدمات انجام دے رہے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر (ایکس) پر پاکستان مسلم لیگ نواز کی ترجمان مریم اورنگزیب نے پیغام جاری کیا ہے کہ جماعت کے صدر اور سابق وزیراعظم میاں شہباز شریف نے ذہشان ملک کو پارٹی کا اسسٹنٹ سیکرٹری انفارمیشن مقرر کر دیا ہے جبکہ مسلم لیگ نواز کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے ذیشان ملک کی تقرری کا نوٹیفیکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔
مسلم لیگ (ن) کے نئے اسسٹنٹ سیکرٹری انفارمیشن ذیشان ملک نے ٹویٹر (ایکس) پر اپنے پیغام میں پارٹی کے سپریم لیڈر میاں نواز شریف، صدر میاں شہباز شریف اور چیف آرگنائزر مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کیا ہے جبکہ ذیشان ملک نے اپنی اس ترقی کو اللّٰه تعالیٰ کی مہربانی اور اپنے والدین کی دعاؤں کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ مریم نواز شریف کے پولیٹیکل سیکرٹری کی ذمہ داری بھی ادا کرتے رہیں گے۔