پرتھ آسٹریلیا (تھرسڈے ٹائمز) — آسٹریلیا نے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کو 360 رنز سے عبرتناک شکست دے دی، 450 رنز ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی پوری ٹیم 89 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کے پہلے ٹاکرے میں آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز میں 487 رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا، اوپنر بلے باز ڈیوڈ وارنر نے 164 رنز کی شاندار اننگ کھیلی، مچل مارش نے 90 رنز بنائے، عثمان خواجہ نے 41 جبکہ ٹریوس ہیڈ نے 40 رنز سکور کیے، پاکستان کی جانب سے عامر جمال نے 111 رنز کے عوض 6 وکٹس حاصل کیں۔
پاکستانی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 271 رنز پر ہی بنا سکی، اوپنر بلے بازوں عبداللّٰہ شفیق اور امام الحق نے بالترتیب 42 اور 62 رنز بنا کر ایک اچھا آغاز فراہم کیا تاہم دیگر بلے باز آسٹریلوی گیند بازوں کا مقابلہ نہ کر سکے، کپتان شان مسعود 30 اور سعود شکیل 28 رنز بنا سکے جبکہ سلمان آغا بھی 28 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، آسٹریلیا کی جانب سے نیتھن لیون نے 3 جبکہ مچل سٹارک اور کپتان پیٹ کمنز نے دو دو وکٹس حاصل کیں۔
آسٹریلوی بلے باز دوسری اننگز کیلئے 216 رنز کی برتری کے ساتھ میدان میں اترے اور مزید 233 رنز بنا کر اننگز ڈیکلیئر کر دی جبکہ اس کے صرف 5 کھلاڑی آؤٹ ہوئے، اوپنر بلے باز عثمان خواجہ نے 90 رنز سکور کیے، مچل مارش 63 رنز کے ساتھ ناقابلِ شکست رہے جبکہ سٹیو سمتھ نے 45 رنز کی اننگ کھیلی، پاکستان کی جانب سے خرم شہزاد نے 3 وکٹس اپنے نام کیں۔
پاکستان کو مجموعی طور پر 450 رنز کا ہدف ملا مگر دوسری اننگز میں پاکستانی بلے باز آسٹریلیا کی تباہ کن گیند بازی کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئے اور پوری پاکستانی ٹیم محض 89 رنز پر ڈھیر ہو گئی، سعود شکیل نے سب سے زیادہ 24 رنز سکور کیے جبکہ آسٹریلیا کی جانب سے مچل سٹارک اور جوش ہیزل ووڈ نے تین تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
آسٹریلوی کھلاڑی مچل مارش شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کی بدولت میچ کے بہترین کھلاڑی قرا پائے، آسٹریلیا کو تین ٹیسٹ میچز کی سیریز میں ایک زیرو کی برتری حاصل ہے، سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ 26 دسمبر سے میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں شروع ہو گا۔