اسلام آباد (تھرسڈے ٹائمز) — سپریم کورٹ آف پاکستان نے 62 ون ایف کے تحت تاحیات نااہلی کالعدم قرار دے دی، چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے فیصلہ مختصر فیصلہ سناتے ہوئے تاحیات نااہلی کو ختم کر دیا۔
چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 7 رکنی لارجر بینچ نے آئین کے آرٹیکل باسٹھ ون ایف نے تحت سیاستدانوں کی تاحیات نااہلی سے متعلق کیس کا فیصلہ 5 جنوری کو محفوظ کیا تھا جو آج سنا دیا گیا ہے۔
سات رکنی لارجر بینچ میں جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس یحییٰ آفریدی، جسٹس امین الدین خان، جسٹس جمال مندوخیل، جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس مسرت ہلالی شامل ہیں۔
سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے یہ فیصلہ چھے ایک کی اکثریت کے ساتھ سنایا گیا ہے جس کے تحت سیاستدانوں کی آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت تاحیات نااہلی کو کالعدم قرار دے دیا گیا ہے۔