آکلینڈ (تھرسڈے ٹائمز) — نیوزی لینڈ نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کو 46 رنز سے شکست دے دی۔
پانچ ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے پہلے ٹاکرے میں میزبان ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور چوکوں چھکوں کی برسات کرتے ہوئے مجموعی طور پر 226 رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا۔
اوپنر بلے باز فن ایلن نے 15 گیندوں پر تین چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 34 رنز بنائے جبکہ کپتان کین ولیمسن نے 9 چوکوں کی مدد سے 42 گیندوں پر 57 رنز سکور کیے، فن ایلن کے آؤٹ ہونے کے بعد ڈیرل مچل نے میدان سنبھالا، انہوں نے 4 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے محض 27 گیندوں پر برق رفتار 61 رنز سکور کیے۔
پاکستان کی جانب سے عباس آفریدی نے 4 اوورز میں 34 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، شاہین آفریدی نے بھی 4 اوورز میں 46 رنز کے عوض 3 وکٹس اپنے نام کیں جبکہ حارث رؤوف نے 4 اوورز میں 34 رنز دے کر 2 وکٹس حاصل کیں۔
پاکستانی بلے بازوں 226 رنز کے تعاقب میں 180 رنز پر ڈھیر ہو گئے، اوپنر بلے بازوں میں سے صائم ایوب نے محض 8 گیندوں پر 27 رنز سکور کیے جبکہ محمد رضوان نے 14 گیندوں پر 25 رنز بنائے، 33 رنز کے مجموعی سکور پر صائم ایوب آوٹ ہوئے تو بابر اعظم نے میدان سنبھالا اور 35 گیندوں پر 6 چوکوں اور2 چھکوں کی مدد سے 57 رنز بنائے تاہم دیگر بلے بازوں میں سے کوئی خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساؤتھی نے 4 اوورز میں محض 25 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ ایڈم ملنے نے 4 اوورز میں 50 رنز دے کر 2 وکٹس حاصل کیں۔
نیوزی لینڈ کے کھلاڑی ڈیرل مچل کو شاندار بلے بازی کی وجہ سے میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے جبکہ نیوزی لینڈ کو 5 میچز میں کی سیریز میں ایک زیرو کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔