لاہور (تھرسڈے ٹائمز) — پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) تحریکِ انصاف سے انتقام لے رہی ہے، تحریکِ انصاف کے کارکنان میرا ساتھ دیں، میں انتقام کی سیاست دفن کر دوں گا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ نفرت اور تقسیم کی سیاست سے ہمارا ملک اور معاشرہ تقسیم ہو رہا ہے، عمران خان سے کہتے تھے کہ مخالفیں کو جیلوں میں ڈالنا سیاست نہیں، ان سے کہتے تھے کہ سیاست کریں گالم گلوچ نہ کریں، آج مسلم لیگ (ن) تحریکِ انصاف سے انتقام لے رہی ہے، میں نہیں چاہتا کہ کسی کو بھی ایسے ظلم کا سامنا کرنا پڑے، جو دہشتگرد سر اٹھا رہے ہیں وہ سن لیں کہ میں ان سروں کو کاٹ دوں گا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ میں غداری کے سرٹیفکیٹس جاری کرنے کی سیاست ختم کروں گا، پاکستان کی سیاست میں طاہر القادری جیسے لوگوں کی ضرورت ہے، چوہدری سرور کی اپنی سوچ ہے لیکن ہم ملک کی خاطر مل کر سیاست کر رہے ہیں، اعتزاز احسن اور ہماری سوچ میں اختلاف ہو سکتا ہے لیکن ہم نے سب کو ساتھ لے کر چلنا ہے، تحریکِ انصاف کے کارکن میرا ساتھ دیں، میں انتقام کی سیاست دفن کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے تاریخ میں ایسا معاشی بحران پہلے کبھی نہیں دیکھا جیسا آج ہے، حالات مشکل ضرر ہیں لیکن عوام کو میرا پیغام ہے کہ مایوس نہیں ہوں، اب ہم پاکستان کو ان پرانے سیاستدانوں کے حوالہ نہیں کر سکتے جو باری باری کبھی ایک اور کبھی 3 بار وزیراعظم رہے ہیں، میں وفاق سے 17 وزارتیں بند کر کے 300 ارب بچاؤں گا اور انہیں عوام پر خرچ کروں گا۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ہم پر طنز کیا جاتا ہے کہ ہماری تعداد کم ہے، ہمیں کہا جا رہا ہے کہ ہم کیوں لاہور آئے ہیں، انہیں سمجھائیں کہ لاہور ان کا نہیں بلکہ پیپلز پارٹی کا ہے، لاہور پاکستان کا دل ہے اور پاکستان کا دل آج ٹوٹا ہوا ہے، لاہور پر کبھی شوباز مسلط کیا جاتا ہے اور کبھی وسیم اکرم پلس مسلط کر دیا جاتا ہے۔
سابق وزیرِ خارجہ نے کہا ہے کہ نوجوان دو دو ڈگریاں لے کر دھکے کھا رہے ہیں مگر انہیں روزگار نہیں مل رہا، نوجوان مایوس نہ ہوں کیونکہ اب بلاول میدان میں ہے اور بلاول آپ کو آپ کا حق دلائے گا، نوجوانوں کے پاس جا کر انہیں سمجھائیں کہ وہ اپنا ووٹ ضائع نہ کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ اشرافیہ کو ایک ہزار پانچ سو ارب کی سبسڈی دی جاتی ہے، میں اس سبسڈی کو بند کر کے پاکستان کے غریب عوام، اپنے کسانوں اور مزدوروں پر خرچ کروں گا، مجھے موقع ملا تو پاکستان سے بھوک کو مٹا دوں گا۔