مانسہرہ (تھرسڈے ٹائمز) — پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سپریم لیڈر میاں نواز شریف نے انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو بگاڑنے والے بگاڑ کر چلے گئے، اب پاکستان کو دوبارہ تعمیر کرنے کیلئے بہت زیادہ محنت کرنا ہو گی، یہ جان جوکھوں والا کام ہو گا۔
میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ ہم نے پاکستان کے عوام کو سستی گیس اور بجلی فراہم کی تھی، لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا اور دہشتگردی کا راستہ روک دیا تھا، ہم نے اللّٰه کے فضل سے پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا، ہمارے دور میں سبزیاں دس دس روپے کلو فروخت ہوتی تھیں، پیٹرول 60 روپے لیٹر تھا، چینی 50 روپے کلو تھی، گھی سستا تھا، مہنگائی ختم ہو گئی تھی اور لوگوں کو باعزت روزگار مل رہا تھا۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ اگر پانچ ججز نواز شریف کو نہ نکالتے تو آج مانسہرہ میں خوبصورت ترین ایئرپورٹ ہوتا، یہاں خوبصورت ترین میٹرو بس ہوتی، مانسہرہ بہت زیادہ خوبصورت شہر ہوتا جبکہ اسلام آباد سے لے کر مانسہرہ اور مظفر آباد تک ایک بہترین ٹرین اور میرپور تک موٹروے بن چکی ہوتی اور یہاں اللّٰه کے فضل سے کوئی بھی شخص بےروزگار نہ ہوتا بلکہ سب کے پاس باعزت روزگار ہوتا اور ہر گھر میں خوشحالی ہوتی۔
قائد مسلم لیگ (ن) کا کہنا تھا کہ ہم نے ڈالر کو 104 روپے پر روک رکھا تھا مگر پھر ظالموں نے سب کچھ تباہ کر دیا، یہ مہنگائی اور معاشی بحران کا تحفہ تحریکِ انصاف حکومت نے دیا ہے حالانکہ نواز شریف ایک خوشحال اور مستحکم پاکستان دے کر گیا تھا، خیبرپختونخوا والوں نے ایک جھوٹے شخص کا انتخاب کیا، یہاں کے عوام جھوٹے شخص کے جھانسے میں آ گئے جس کے باعث آج خیبرپختونخوا کی حالت خراب ہے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو سنوارنے کیلئے کام کرنا پڑے گا اور یہ کوئی آسان کام نہ ہو گا بلکہ جان جوکھوں کا کام ہو گا، ہمیں اس میں کامیابی کیلئے پاکستان کے عوام کا بھرپور ساتھ چاہیے، مولانا فضل الرحمٰن نے 2013 الیکشن کے بعد کہا تھا کہ ہم مل کر حکومت بنا سکتے ہیں مگر میں نے کہا کہ ان کے پاس دو تین نشستیں زیادہ ہیں لہذا انہیں موقع ملنا چاہیے لیکن انہوں نے تو صوبے کو تباہ کر دیا اور خیبرپختونخوا میں کوئی کام نہیں کیا گیا۔
میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ اللّٰه نے ہمیں موقع دیا تو انشاءاللّٰه مانسہرہ میں ائیرپورٹ بنے گا، مانسہرہ سے ٹرین گزرے گی جو کراچی سے آئے گی اور آگے مظفرآباد جائے گی، مانسہرہ والی موٹروے بالاکوٹ، کاغان، ناران، بابوسر اور گلگت تک جائے گی، اگر اللّٰه نے موقع دیا تو یہاں کالج بھی بنے گا اور یونیورسٹی بھی بنے گی، ہم یہاں شوگران سے پانی لائیں گی، انشاءاللّٰه گیس، بجلی اور پیٹرول سستے ملیں گے اور سبزیاں بھی سستی ملیں گی۔
مسلم لیگ (ن) کے سپریم لیڈر کا کہنا تھا کہ اگر اللّٰه نے ہمیں موقع دیا تو انشاءاللّٰه خیبرپختونخوا میں لوگوں کو اچھا اور باعزت روزگار ملے گا اور انشاءاللّٰه نواز شریف خود آ کر طلباء کو کمپیوٹرز فراہم کرے گا، یہاں لوگوں کو اچھی سڑکیں بھی ملیں گی اور تعلیم و صحت کی اچھی سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی، اللّٰه اچھا وقت لائے گا اور انشاءاللّٰه ہم تمام ارادوں کی تکمیل کریں گے، انشاءاللّٰه مانسہرہ کے لوگوں کو ان کا حق ملے گا۔