اسلام آباد (تھرسڈے ٹائمز) — نگران وزیرِ اعلیٰ انوار الحق کاکڑ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتخابات کے حوالہ سے کسی کو کوئی اعتراض ہے تو اس کیلئے متعلقہ فورمز موجود ہیں، سیاسی لوگوں کو پُرامن احتجاج کا حق حاصل ہے لیکن پُرتشدد احتجاج کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی، کوئی بھی حکومت انارکی پھیلانے کی اجازت نہیں دیتی اور ہم بھی یہ اجازت نہیں دیں گے۔
نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ 8 فروری کو پولنگ کا وقت مکمل ہونے کے بعد پہلے اڑھائی گھنٹوں میں ہی سوشل میڈیا اور ڈیجیٹل میڈیا کے ذریعہ یہ جھوٹ پھیلا دیا گیا کہ پاکستان میں دھاندلی ہو گئی ہے اور نتائج بدلے جا رہے ہیں حالانکہ حقیقت میں ایسا کچھ نہیں تھا، اگر کسی کو لگتا ہے کہ کوئی خامیاں ہیں تو اس کیلئے متعلقہ فورمز موجود ہیں۔
نگران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ انتخابات کے انعقاد میں سکیورٹی اداروں نے اہم کردار ادا کیا، دہشتگردی کے خطرات کے باوجود انتخابات کا انعقاد پُرامن رہا، پاکستان کو بہت سارے چیلنجز درپیش ہیں اور ان چینلجز کے باوجود جمہوری تسلسل خوش آئند ہے، پاکستان ایک مستحکم اور ذمہ دار ریاست ہے، سیاسی لوگوں کو پُرامن احتجاج کا حق حاصل ہے لیکن پُرتشدد احتجاج کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی، کوئی بھی حکومت انارکی پھیلانے کی اجازت نہیں دیتی اور ہم بھی یہ اجازت نہیں دیں گے۔
انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ پاکستان میں 8 فروری کے عام انتخابات کے حوالہ سے دہشتگردی کے خدشات تھے اور اس معاملہ میں رپورٹس کی بنیاد پر الیکشن کے روز موبائل فون سروس بند کی گئی تھی لیکن انٹرنیٹ بند نہیں کیا گیا تھا بلکہ پورے ملک میں براڈ بینڈ سروس کام کرتی رہی، دہشتگردی کے حوالہ سے موبائل فون سم کے استعمال سے متعلق سب آگاہ ہیں اور الیکشن سے ایک روز قبل پشین اور قلعہ سیف اللّٰہ میں اسی طریقہ کار کے تحت دہشتگردی کے واقعات ہوئے تھے۔
ایک صحافی کی جانب سے تاریخ میں اپنے کردار کے حوالہ سے سوال کے جواب میں نگران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کچھ لوگوں نے ایمان کی حد تک جھوٹ کو سچ مان رکھا ہے اور ایسے لوگوں کے ساتھ دلیل سے بات کی جائے تو وہ سن نہیں سکتے، جہاں تک تاریخ لکھنے کی بات ہے تو کیا 2018 کے الیکشن کے حوالہ سے آپ کو تاریخ کا خیال نہیں آتا؟ انتخابات 2013 سے متعلق 35 پنکچرز جیسے الزامات لگائے گئے اور بعد میں کہا گیا کہ وہ سیاسی بیان تھا، اس وقت جوڈیشل کمیشن بھی تشکیل پایا تھا جس نے کہا کہ انتخابات 2013 شفاف طریقہ مکمل ہوئے ہیں۔
نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کچھ ممالک کی جانب سے پاکستان کے عام انتخابات کے حوالہ سے بیانات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ملک کو ہمارے اندرونی معاملات میں مداخلت کا کوئی حق نہیں، پاکستان ایک خودمختار ریاست ہے اور ہمارے اپنے قوانین ہیں، ہمیں جو کرنا ہو گا وہ ہم خود کریں گے، کیپیٹل ہل پر جو کچھ ہوا اس پر پاکستان نے کچھ نہیں کہا لہذا امریکہ کو بھی ہمارے بارے میں کچھ کہنے کا کوئی حق نہیں ہے۔