اسلام آباد (تھرسڈے ٹائمز) — پاکستان مسلم لیگ (ن) قومی اسمبلی میں 108 ارکان کے ساتھ سب سے بڑی جماعت، پاکستان پیپلز پارٹی کے ارکان کی تعداد 68 ہو گئی جبکہ سنی اتحاد کونسل کے ارکان کی تعداد 81 ہے۔
عام انتخابات 2024 کے نتیجہ میں پاکستان مسلم لیگ (ن) 75 جنرل نشستوں کے ساتھ سب سے بڑی جماعت بن کر ابھری، پاکستان پیپلز پارٹی 54 جنرل نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی جبکہ مجموعی طور پر 99 جنرل نشستوں پر آزاد امیدوار کامیاب ہوئے۔
کامیاب ہونے والے آزاد امیدواروں میں سے 9 اراکین نے پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کی جس کے بعد مسلم لیگ (ن) کے ارکان کی تعداد 84 ہو گئی، الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے مسلم لیگ (ن) کو خواتین کی 20 مخصوص نشستیں جبکہ 4 اقلیتی نشستیں الاٹ کی گئی ہیں جس کے بعد مسلم لیگ (ن) قومی اسمبلی میں مجموعی طور پر 108 ارکان کے ساتھ سب سے بڑی جماعت کے طور پر سامنے آئی ہے۔
آزاد حیثیت سے منتخب ہونے والے اراکین میں سے کسی نے بھی پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار نہیں کی، قومی اسمبلی کی 54 جنرل نشستوں والی پیپلز پارٹی کو الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے خواتین کی 12 مخصوص نشستیں جبکہ 2 اقلیتی نشستیں الاٹ کی گئی ہیں جس کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی کے ارکان کی مجموعی تعداد 68 ہو گئی ہے۔
آٹھ فروری کے الیکشن میں آزاد حیثیت سے کامیاب ہونے والے امیدواروں میں سے 81 اراکین سنی اتحاد کونسل میں شامل ہوئے، سنی اتحاد کونسل عام انتخابات 2024 میں ایک بھی جنرل نشست حاصل نہیں کر سکی تھی جس کے باعث خواتین کی مخصوص نشستوں اور اقلیتی نشستوں کی راہ میں آئینی رکاوٹیں حائل ہیں تاہم یہ معاملہ الیکشن کمیشن میں زیرِ التواء ہے۔