لاہور (تھرسڈے ٹائمز) — پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں محمد نواز شریف نے شریف میڈیکل کالج کے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی نوجوان نسل کو گالی گلوچ اور بدتہذیبی سے دور رہنا ہو گا، آپ پاکستان کا مستقبل ہیں، معاشرے میں اتحاد، اصلاح اور فلاح کیلئے دل لگا کر محنت کریں۔
میاں محمد نواز شریف نے کامیاب ہونے والے طلبہ، ان کے والدین اور ان کے اساتذہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی برسوں کی والہانہ محنت نے آپ کو یہ کامیابی کا دن دکھایا ہے جس پر میں دل کی گہرائیوں سے آپ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، میں آپ کے اساتذہ اور والدین کو بھی مبارکباد دینا چاہتا ہوں، آپ کے والدین نے اپنی ضروریات اور اپنی خواہشات کو پسِ پشت ڈال کر آپ کی تعلیم مکمل کرائی ہے۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آپ نے انتہائی نظم اور ڈسپلن کے ساتھ اس کالج میں تعلیم حاصل کی اور اس ادارے کا نام روشن کیا، آج آپ کی یہی قابلیت مجھے پاکستان کے روشن مستقبل کی نوید سنا رہی ہے، معاشرے میں اتحاد، اصلاح اور فلاح کیلئے دل لگا کر محنت کرنی ہے اور اس کے ساتھ ساتھ نوجوان نسل کو گالی گلوچ اور بد تہذیبی سے دور رہنا ہو گا۔
قائدِ مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ میری خواہش ہے آج آپ میری اس گفتگو کو صرف تقریر کے طور پہ نہ لیں بلکہ اس سے ایک سوچ اور فکر لے کر یہاں سے جائیں، آپ پاکستان کا مستقبل ہیں، میں چاہتا ہوں کہ یہ سوچ اور یہ فکر آپ پر مستقبل کہ وہ دریچے کھولے جہاں روشنی ہو، جہاں ترقی ہو اور جہاں خوشحالی ہو۔
میاں محمد نواز شریف کا کہنا تھا کہ والہانہ لگن کے بغیر کامیابی کا کوئی تصور ممکن نہیں، وہ شخص دنیا میں کبھی کامیابی حاصل نہیں کر سکتا جس میں کامیابی کی تمنا سے زیادہ ناکامی کا خوف ہو، آپ نے پاکستان اور پاکستان کے عوام کی خدمت کرنی ہے، اب جبکہ آپ اپنی پیشہ وارانہ زندگی کی طرف جا رہے ہیں تو آپ نے جوش کے ساتھ ساتھ ہوش سے بھی کام لینا ہے، جب آپ فیلڈ میں جائیں اور مریضوں کا علاج کریں تو خود کو رحم دل بنائیں۔
میاں محمد نواز شریف نے کہا کہ برسوں پہلے لگایا گیا شریف میڈیکل کا پودا آج ایک تناور درخت بن چکا ہے، شریف میڈیکل کالج میں داخلہ کیلئے 100 فیصد میرٹ پالیسی رکھی گئی ہے، اس کالج میں سفارش نہیں بلکہ صرف اور صرف میرٹ کو پروان چڑھایا گیا ہے، شریف میڈیکل کالج اس سال ہائیسٹ میرٹ کالج قرار پایا ہے۔