اسلام آباد (تھرسڈے ٹائمز) — پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف دوسری مرتبہ پاکستان کے وزیراعظم منتخب ہو گئے، قومی اسمبلی میں وزیراعظم کے انتخاب میں انہوں نے 201 ووٹس حاصل کیے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف 8 فروری کے عام انتخابات 2024 میں لاہور کی نشست این اے 123 سے کامیاب ہو کر دوسری بار قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے تھے، انہوں نے تحریکِ انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار افضال عظیم پاہٹ کو شکست دی۔
میاں شہباز شریف دوسری بار پاکستان کے وزیراعظم منتخب ہونے ہیں اس سے قبل وہ 11 اپریل 2022 کو پہلی بار پاکستان کے وزیراعظم منتخب ہوئے تھے، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف 13 اگست 2023 تک وزیراعظم کے منصب پر براجمان رہے تھے جبکہ آج وہ دوسری بار پاکستان کے وزیراعظم منتخب ہوئے ہیں۔