اسلام آباد (تھرسڈے ٹائمز) — سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے ذاتی معالج ڈاکٹر عاصم یوسف نے کہا ہے کہ بشریٰ بی بی کے طبی معائنہ میں ایسے کوئی شواہد نہیں مل سکے جن سے زہر دیئے جانے کی تصدیق ہو سکے۔
عمران خان اور بشریٰ بی بی کے ذاتی معالج ڈاکٹر عاصم یوسف کی بنی گالا میں قید بشریٰ بی بی سے ملاقات ہوئی ہے جبکہ اس ملاقات میں ڈاکٹر عاصم یوسف نے بشریٰ بی بی کا طبی معائنہ بھی کیا ہے جس کے بعد انہوں نے بشریٰ بی بی کو زہر دیئے جانے کے الزام کی تردید کر دی ہے۔
ڈاکٹر عاصم یوسف نے کہا ہے کہ میری آج صبح بشریٰ بی بی سے ملاقات ہوئی ہے جس کے دوران میں نے ان کا طبی معائنہ کیا ہے اور اس میڈیکل چیک اپ میں زہر دیئے جانے کی تصدیق نہیں ہو سکی، بشریٰ بی بی کو زہر دیئے جانے کے کوئی شواہد نہیں ملے، ایسے کسی مسئلہ کی تصدیق نہیں ہو سکی کہ انہیں کھانے میں زہر دیا گیا ہے۔
تحریکِ انصاف کے سابق چیئرمین عمران خان اور بشریٰ بی بی کے ذاتی معالج ڈاکٹر عاصم یوسف کا کہنا ہے کہ ایسے کوئی شواہد نہیں مل سکے جن سے بشریٰ بی بی کو زہر دیئے جانے کی تصدیق ہو سکے، ہفتہ کے روز عمران خان سے بھی ملاقات ہو گی اور ان کا بھی طبی معائنہ کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ منگل کے روز تحریکِ انصاف کے سابق چیئرمین عمران خان نے اڈیالہ جیل میں 190 ملین پاؤنڈز کرپشن کیس کی سماعت کے دوران دعویٰ کیا تھا کہ بنی گالا میں ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو کھانے میں زہر دیا گیا ہے۔
بعدازاں بشریٰ بی بی نے بھی عدالت میں پیشی کے دوران صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ شبِ معراج کو میرے کھانے میں ٹوائلٹ کلینر کے 3 قطرے ملائے گئے، مجھے جیل میں بھی کسی نے بتایا تھا کہ کھانے میں ٹوائلٹ کلینر ڈالا گیا ہے مگر میں اس شخص کا نام نہیں بتاؤں گی، مجھے کھانا اور پانی بھی کڑوا لگ رہا ہے۔