اسلام آباد (تھرسڈے ٹائمز) — وفاقی وزیرِ پیٹرولیم و آبی وسائل سینیٹر ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ جب بھی نواز شریف اشارہ کریں گے ہم حکومت تحلیل کر دیں گے، جس دن تک نواز شریف چاہیں گے اُس دن تک یہ حکومت قائم رہے گی۔
سنی اتحاد کونسل کے رکنِ قومی اسمبلی اور تحریکِ انصاف کے راہنما شہریار آفریدی نے نجی نیوز چینل پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن 2024 میں سب سے بڑا دھماکہ میاں محمد نواز شریف کے ساتھ ہوا ہے جو چوتھی بار وزیراعظم بننے کیلئے پاکستان واپس آئے تھے، میاں نواز شریف کے ساتھ بہت بڑا دھوکہ ہو گیا ہے۔
سابق وفاقی وزیر شہریار آفریدی کا کہنا تھا کہ نواز شریف بہت جلد برطانیہ چلے جائیں گے اور وہاں جا کر ایک بہت بڑی پریس کانفرنس کریں گے جبکہ وہ پریس کانفرنس ایک خودکش حملے جیسی ہو گی، یہ پریس کانفرنس بہت جلدی ہونے والی ہے۔
سینیٹر مصدق ملک نے جواب دیا کہ میاں محمد نواز شریف کو کسی پریس کانفرنس کی کوئی ضرورت ہی نہیں ہے، میاں نواز شریف صرف ایک اشارہ کریں گے اور ہم فوری طور پر حکومت تحلیل کر دیں گے۔
وفاقی وزیرِ پیٹرولیم و آبی وسائل سینیٹر ڈاکٹر مصدق ملک کا کہنا تھا کہ نواز شریف جب تک چاہیں گے یہ حکومت موجود رہے گی اور جس دن نواز شریف چاہیں گے کہ حکومت ختم ہو جائے اُس دن حکومت ختم ہو جائے گی۔