راولپنڈی (تھرسڈے ٹائمز) — صوبہ پنجاب کے شہر بہاولنگر کے ایک تھانے میں پیش آنے والے افسوسناک واقعہ پر پاک فوج کی جانب سے بیان جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق پولیس اور سیکیورٹی اہلکاروں پر مشتمل ٹیم شفاف انکوائری کرے گی۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ بہاولنگر میں پیش آنے والے حالیہ افسوسناک واقعہ کو پولیس حکام اور فوج کی مشترکہ کوششوں سے فوری طور پر حل کیا گیا تاہم اس کے باوجود کچھ عناصر نے مخصوص مقاصد کے حصول کیلئے ریاستی اداروں اور سرکاری محکموں کے درمیان خلیج پیدا کرنے کیلئے سوشل میڈیا پر منفی پراپیگنڈا شروع کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کے مطابق شفاف انکوائری سے قانون کی خلاف ورزی اور اختیارات کا غلط استعمال کرنے والوں کا تعین یقینی بنانے اور حقائق کا پتہ لگانے کیلئے سیکیورٹی اداروں اور پولیس اہلکاروں پر مشتمل ٹیم مشترکہ طور پر انکوائری کرے گی۔