لاہور (تھرسڈے ٹائمز) — وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی صدارت سے استعفٰی دے دیا ہے جس کے بعد اب پاکست مسلم لیگ (ن) کی مرکزی مجلسِ عاملہ کا اجلاس 18 مئی کو طلب کر لیا گیا ہے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سپریم لیڈر اور سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کو فروری 2018 میں سپریم کورٹ کی جانب سے پارٹی صدرات کیلئے نااہل قرار دیا گیا تھا جس کے بعد مارچ 2018 میں ان کے چھوٹے بھائی اور موجودہ وزیراعظم شہباز شریف مسلم لیگ (ن) کے صدر منتخب ہوئے تھے۔
وزیراعظم شہباز شریف بطور صدر مسلم لیگ (ن) آئینی مدت مکمل ہونے کے بعد جون 2023 میں دوسری بار مسلم لیگ (ن) کے صدر منتخب ہوئے جبکہ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ یہ عہدہ میاں محمد نواز شریف کی امانت ہے اور میاں محمد نواز شریف وطن واپسی کے بعد ایک بار پھر مسلم لیگ (ن) کی صدارت سنبھالیں گے۔
حکمراں جماعت کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے تمام اراکینِ مجلسِ عاملہ کو اجلاس کا نوٹس ارسال کر دیا ہے جس کے مطابق اجلاس 18 مئی بروز ہفتہ ساڑھے 11 بجے 180 ایچ بلاک ماڈل ٹاؤن لاہور میں منعقد ہو گا۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی مجلسِ عاملہ کے اجلاس میں تین بار پاکستان کے وزیراعظم منتخب ہونے والے میاں محمد نواز شریف کو ایک بار پھر جماعت کا صدر منتخب کیا جائے گا۔