اسلام آباد (تھرسڈے ٹائمز) – میاں محمد نواز شریف پاکستان مسلم لیگ (ن) کے بلامقابلہ صدر منتخب ہو گئے۔
تین بار پاکستان کے وزیراعظم منتخب ہونے والے میاں محمد نواز شریف ایک بار پھر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے بلامقابلہ صدر منتخب ہو گئے ہیں، ان کے مقابل کسی نے بھی پارٹی صدارت کے امیدوار کے طور پر کاغذاتِ نامزدگی جمع نہیں کرائے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سپریم لیڈر میاں محمد نواز شریف چوتھی بار جماعت کے صدر منتخب ہوئے ہیں، سابق وزیراعظم اس سے قبل 1993 سے 1999 تک، پھر 2011 سے 2017 اور پھر 2017 سے 2018 تک اس عہدہ پر براجمان رہ چکے ہیں، انہیں 2018 میں سپریم کورٹ کی جانب سے پارٹی صدرات کیلئے نااہل قرار دیا گیا تھا جس کے بعد ان کے چھوٹے بھائی اور موجودہ وزیراعظم شہباز شریف مسلم لیگ (ن) کے صدر منتخب ہوئے تھے۔
یاد رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے رواں ماہ 13 تاریخ کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کی صدارت سے استعفیٰ دیا تھا جس کے بعد 18 مئی کو مسلم لیگ (ن) کی سینٹرل ورکنگ کمیٹی کے اجلاس میں شہباز شریف کو 28 مئی تک کیلئے قائم مقام صدر نامزد کیا گیا تھا جبکہ آج جماعت کے قائد میاں محمد نواز شریف ایک بار پھر بلامقابلہ مسلم لیگ (ن) کے صدر منتخب ہو گئے ہیں۔