لاہو (تھرسڈے ٹائمز) — جسٹس منصور علی شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان کا پرچم دنیا کا واحد پرچم ہے جس میں اقلیتوں کی بھی نمائندگی موجود ہے، آئینِ پاکستان اقلیتوں کو تحفظ فراہم کرتا ہے۔
سپریم کورٹ آف پاکستان کے سینئر ترین جج جسٹس منصور علی شاہ نے لاہور میں منعقدہ ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئینِ پاکستان میں اقلیتوں سمیت تمام شہریوں کے حقوق برابر ہیں، اقلیتی برادری کے بھی اتنے ہی حقوق ہیں جتنے میرے حقوق ہیں، پاکستان کا آئین اقلیتوں کو تحفظ فراہم کرتا ہے۔
جسٹس منصور علی شاہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کا پرچم دنیا کا واحد پرچم ہے جس میں اقلیتوں کی بھی نمائندگی موجود ہے، پاکستانی جھنڈے میں سفید رنگ اقلیتوں کی عکاسی کرتا ہے، اگر اقلیتی ہمارے پرچم میں موجود ہیں تو ہمیں یہ بات سمجھنا ہو گی بلکہ اس کے ساتھ ساتھ چاند اور ستارہ بھی سفید ہیں جو اقلیتوں کی ہی نشانی ہیں۔
عدالتِ عظمٰی کے سینئر ترین جج نے کہا ہے کہ اقلیتوں کا لفظ صرف نمبرز کیلئے استعمال ہوتا ہے، پاکستان کا آئین اقلیتوں کو تحفظ فراہم کرتا ہے، ہم چاہتے ہیں کہ اقلیتوں سے بھی ججز عدلیہ میں آئیں، معاشرے کو قابلِ برداشت بنانا ہو گا، ایک دوسرے کے خیالات کو سننا ہو گا اور صبر کا مظاہرہ کرنا ہو گا، ہمیں مل کر پیار محبت سے پاکستان کو مضبوط بنانا ہے۔
جسٹس منصور علی شاہ کا مزید کہنا تھا کہ ہمارا مذہب اسلام بھی اقلیتوں کے حقوق کو تحفظ فراہم کرتا ہے اور ہمیں اقلیتوں کے ساتھ اچھا سلوک کرنے کا درس دیتا ہے، ہمارے پاکستان کے آئین میں اقلیتوں کے حقوق ہم سے کم نہیں بلکہ ہم سے زیادہ ہی ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ اقلیتوں سے تعلق رکھنے والے ججز بھی سپریم کورٹ میں آئیں۔