لاہور (تھرسڈے ٹائمز) — وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی صوبائی حکومت کے ابتدائی 100 دن مکمل ہونے پر عوامی رائے عامہ کی نئی تصویر سامنے آگئی ہے۔ انسٹیٹیوٹ فار پبلک اوپینین ریسرچ (آئی پی او آر) کی جانب سے کیے گئے سروے میں عوام کی اکثریت نے مریم نواز کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
سروے کے نتائج کے مطابق 55 فیصد افراد نے مریم نواز اور ان کی حکومت کی کارکردگی کو تسلی بخش قرار دیا ہے۔ شہری علاقوں میں 62 فیصد جبکہ دیہی علاقوں میں 48 فیصد افراد نے وزیراعلیٰ کی کارکردگی کو سراہا ہے۔
اس سروے میں 35 فیصد افراد صوبائی حکومت کی کارکردگی سے مطمئن نظر نہیں آئے۔ ان میں سے 51 فیصد کا ماننا ہے کہ حکومت کبھی بھی حالات کو بہتر نہیں بنا سکے گی، جبکہ 19 فیصد افراد حکومت کو مزید وقت دینے کے حق میں ہیں تاکہ وہ حالات کو بہتر بنا سکیں۔
سروے کے مطابق مریم نواز کی مقبولیت میں بھی اضافہ دیکھنے کو ملا ہے۔ 60 فیصد افراد نے کہا کہ مریم نواز کی مقبولیت میں گزشتہ تین ماہ کے دوران اضافہ ہوا ہے۔
حکومت کی جانب سے قیمتوں میں کمی کے اقدامات کو بھی عوام نے سراہا۔ 53 فیصد افراد نے حکومت کے قیمتوں میں کمی کے اقدامات کو مؤثر قرار دیا، جن میں سے 44 فیصد افراد نے روٹی کی قیمت میں کمی کو سب سے پسندیدہ قدم قرار دیا۔ اس کے علاوہ سولر پینل پروگرام اور 200 کلینک آن وہیلز کے منصوبے بھی عوام میں مقبول رہے۔
آئی او پی آر کے مطابق 29 مئی سے 12 جون تک کیے گئے اس سروے میں 2010 افراد کی رائے لی گئی، جن میں 65 فیصد مرد جبکہ 35 فیصد خواتین شامل تھیں۔ سروے کے نتائج بین الاقوامی معیار کے مطابق مرتب کیے گئے ہیں۔
یہ نتائج پنجاب حکومت کے لیے اہم ہیں کیونکہ ان سے عوام کی توقعات اور مسائل کا اندازہ ہوتا ہے اور حکومت کو اپنی پالیسیوں کو مزید بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔